1000303373

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ این 25 پر کنڈاوا پوسٹ پر دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے حملے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔

سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ دھماکے کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

ابتدائی تفصیلات کے مطابق فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے سکیورٹی پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، دھماکے سے قریبی مکانات اور ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا۔

واقعے میں شہید ہونے والے شہریوں کی شناخت کلیم اللہ ولد عبداللہ اور بی بی لائبہ دختر دل مراد کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ 3 ایف سی اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

زخمی شہریوں میں 63 سالہ عبد الحق، 21 سالہ محمد اکرام، 35 سالہ محمد رمضان، 3 سالہ محمد سنان، 21 سالہ تانیہ، 23 سالہ منزہ، 25 سالہ بی بی حسینہ، 45 سالہ زاہدہ، 18 سالہ فائزہ گل، 35 سالہ شاہینہ، 12 سالہ شہلیزہ، 22 سالہ معراج اور 36 سالہ بی بی سیدہ شامل ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے متعلقہ طبی مراکز منتقل کردیا گیا ہے۔

سکیورٹی فورسز کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی بڑی کارروائی کے عزائم ناکام بنا دیے گئے۔ واقعے سے متعلق مؤقف میں کہا گیا ہے کہ اس حملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشتگردوں کا بلوچستان کے عوام سے کوئی تعلق نہیں۔

سکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ ٹیگز:#Crime