فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور ان کی اہلیہ بریجٹ میکرون نے امریکی قدامت پسند پوڈکاسٹر کینڈس اوونز کے خلاف امریکا میں نیا ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست ٹینیسی کی وفاقی عدالت میں دائر 409 صفحات پر مشتمل درخواست میں کینڈس اوونز کے خلاف ہتکِ عزت، گمراہ کن تاثر پھیلانے اور جھوٹے الزامات عائد کرنے سمیت 88 قانونی نکات شامل ہیں۔
مقدمے کے مطابق کینڈس اوونز نے اپنی پوڈکاسٹ کی سیریز ’بی کمنگ بریجٹ‘ سمیت مختلف پروگراموں میں یہ بے بنیاد دعوے کیے کہ فرانسیسی خاتونِ اول پیدائشی طور پر مرد تھیں، میکرون اور بریجٹ آپس میں خونی رشتہ رکھتے ہیں اور اس جوڑے نے ان حقائق کو چھپانے کے لیے عوام کو دھوکا دیا۔
ایمانوئل میکرون اور ان کی اہلیہ نے الزام عائد کیا ہے کہ کینڈس اوونز نے ان دعوؤں کے ذریعے اپنے میڈیا پلیٹ فارم کی مقبولیت اور آمدنی بڑھائی، فنڈز اور اشتہارات بھی لیے۔
واضح رہے کہ یہ مقدمہ جولائی 2025ء میں ریاست ڈیلاویئر میں دائر کیے گئے سابقہ مقدمے کے بعد سامنے آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈیلاویئر کی عدالت نے دائرہ اختیار نہ ہونے کی بنیاد پر کینڈس اوونز کو ذاتی حیثیت میں مقدمے سے خارج کر دیا تھا تاہم ان کی کاروباری کمپنیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دی تھی۔
بعد ازاں ایمانوئل میکرون اور ان کی اہلیہ بریجٹ میکرون نے کینڈس اوونز کو ذاتی حیثیت میں قانونی کارروائی کا سامنا کروانے کے لیے پوڈکاسٹر کی رہائش گاہ اور کاروباری سرگرمیوں کی ریاست ٹینیسی میں نیا مقدمہ دائر کیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانسیسی صدر کے دفتر کے ایک عہدیدار نے مقدمہ دائر کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید تفصیلات کے لیے جوڑے کے امریکی وکیل سے رابطہ کرنے کا کہا ہے