1000004514

لاہور ہائیکورٹ نے پاکپتن میں 76 کنال سرکاری اراضی کی سکیم تبدیل کرنے کے حکومتی فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ناجائز قابض مسعود احمد کی اپیل مسترد کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری محمد اقبال اور جسٹس مزمل اختر شبیر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مسعود احمد کی اپیل پر چھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ فیصلہ جسٹس مزمل اختر شبیر نے تحریر کیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ حکومت کو اپنی ملکیتی زمین کے استعمال اور اس کی تقسیم کے طریقہ کار میں تبدیلی کا اختیار حاصل ہے، جبکہ ناجائز قابض شخص حکومت کے اس اختیار کو چیلنج کرنے کا قانونی جواز نہیں رکھتا۔

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ کسی سابقہ عدالتی حکم میں دی گئی عارضی آبزرویشنز سے کسی شخص کے حق میں مستقل قانونی حق پیدا نہیں ہوتا۔ سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضے کی بنیاد پر زمین کے استعمال یا تقسیم کے طریقہ کار پر اعتراض نہیں اٹھایا جا سکتا۔

لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ سنگل بینچ کا فیصلہ درست تھا، جس میں حکومت کی جانب سے پاکپتن کی 76 کنال سرکاری اراضی کی سکیم تبدیل کرنے کے اقدام کو برقرار رکھا گیا تھا۔

عدالت نے واضح کیا کہ مذکورہ سرکاری اراضی اب لمبرداری سکیم کے تحت تقسیم کی جائے گی۔

دو رکنی بینچ نے مسعود احمد کی اپیل خارج کرتے ہوئے سنگل بینچ کا فیصلہ برقرار رکھا اور قرار دیا کہ سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ کسی قانونی حق یا ملکیتی دعوے کی بنیاد نہیں بن سکتا۔

متعلقہ ٹیگز:#Crime