1000305240

پاکستان تحریک انصاف نے بلاول بھٹو زرداری کی عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دینے اور مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی موقف کی حمایت کا خیر مقدم کیا ہے۔

پی ٹی آئی کا ملکی سیاسی صورت حال سے متعلق اہم ترین اجلاس منعقد ہوا جس میں بلاول بھٹو کے حالیہ بیانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اراکین نے بلاول بھٹو سے اپنے بیانات پر عملی مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا۔

اراکین کا کہنا تھا کہ بلاول نیک نیتی ثابت کرتے ہوئے گورنر راج کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں اور گورنر راج اور ایمرجنسی کی توسیع کے حق میں قومی اسمبلی میں ووٹ نہ دیں۔

پی ٹی آئی ارکان نے کہا گورنر راج اور ایمرجنسی سے صوبے کے سیاسی، معاشی اور انتظامی مسائل مزید پیچیدہ ہو گئے ہیں، ارکان نے خیبر پختونخوا کے مالی حقوق کی ادائیگی میں تاخیر اور وسائل میں کٹوتیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

ارکان نے کہا وفاق نے خیبر پختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کا وعدہ پورا کرنے کی بجائے 157 ارب روپے کی کٹوتی کر لی، صوبے کو آئینی اور مالی حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

ارکان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی سیکیورٹی یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ارکان نے آئین و قانون کی بالا دستی، سیاسی آزادیوں، صوبے کے مالی حقوق اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کا عزم کیا

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan