نقاب پوش امریکی امیگریشن اہلکاروں کی ہفتے کے روز سیئٹل کے ایک بھرے ایئرپورٹ جیٹ برج پر کاروائی نے ائیرپورٹ پر موجود افراد میں خوف پھیلا دیا
نقاب پوش اہلکاروں نے دو افراد کو اس وقت حراست میں لیا جب مسافر طیارے میں سوار ہو رہے تھے۔ اس کارروائی کے باعث مسافروں اور ملازمین کے لیے ایک ایسا منظر پیدا ہوا جسے ایئرلائن نے ’پریشان کن‘ قرار دیا، اور لاس اینجلس جانے والی پرواز تاخیر کا شکار ہو گئی۔
واقعے کی ویڈیو میں سیئٹل ٹاکوما انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اہلکاروں کو ایک شخص کو گھسیٹ کر لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ایک خاتون چیخ رہی ہے کہ اس کی بیٹی کو لے جایا جا رہا ہے اور اس کے پاس ورک پرمٹ ہے۔
امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے اہلکاروں نے میکسیکو سے تعلق رکھنے والے تارک وطن ریکارڈو لارونڈو مینڈوزا کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی، جس نے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے ویزے کی مدت سے زیادہ قیام کیا تھا
آئی سی ای کے بیان کے مطابق، جھڑپ کے دوران ایک اور مسافر نے اہلکاروں پر گرم کافی پھینک دی۔ آئی سی ای نے کہا کہ اس خاتون، صوفیہ ہرنینڈز میخیا، کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ میکسیکو سے تعلق رکھتی ہے، امریکا میں غیر قانونی طور پر مقیم ہے اور اس نے بھی اپنے ویزے کی مدت سے زیادہ قیام کیا تھا۔ آئی سی ای کے مطابق، خاتون پر وفاقی اہلکار پر حملے کا الزام عائد کیا جا سکتا ہے۔
آن لائن پروازوں کے اعداد و شمار کے مطابق، الاسکا ایئرلائنز کی پرواز 1306، جسے صبح 8 بج کر 10 منٹ پر روانہ ہونا تھا، تاخیر کا شکار ہو گئی۔ ایئر لائن نے کہا کہ آئی سی ای اہلکاروں نے کارروائی سے پہلے کوئی اطلاع نہیں دی تھی۔ ایئر لائن نے طیارے میں مسافروں کے سوار ہونے کے وقت اہلکاروں کی کارروائی پر تشویش کا اظہار کیا۔‘‘ ایئر لائن نے مزید کہا کہ وہ ہر مسافر کے ساتھ وقار اور احترام سے پیش آنے کے عزم پر قائم ہے۔
واضح رہے کہ گرفتاری کرنے والے اہلکاروں نے ایسی جیکٹس پہن رکھی تھیں جن پر کوئی نشان نہیں تھا، جب کہ ان کی پتلون خاکی رنگ کی تھی۔
آئی سی ای نے موسم گرما سے ایئرپورٹس پر گرفتاریاں بڑھا دی ہیں، جن میں خاص طور پر ایسے افراد کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جنھوں نے ماضی میں اپنے ویزوں کی مدت سے زیادہ قیام کیا تھا۔
الاسکا ایئرلائنز نے کہا کہ وہ ایئرپورٹ کا انتظام چلانے والے ادارے پورٹ آف سیئٹل کے ساتھ مل کر یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا کارروائی کے دوران طے شدہ ضابطوں پر عمل کیا گیا تھا یا نہیں۔ ایئرلائن نے یہ بھی کہا کہ اس نے ’’متعلقہ حکام کے سامنے براہ راست‘‘ اپنے خدشات اٹھائے ہیں۔ پورٹ آف سیئٹل نے ایک بیان میں کہا کہ گرفتاری نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ دیگر مسافروں کے لیے بھی پریشان کن تھی۔
اس واقعے پر واشنگٹن کے ڈیموکریٹ گورنر باب فرگوسن نے آئی سی ای کے طریقہ کار کو ’’انتہائی غیر امریکی‘‘ قرار دیا اور ادارے کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
فرگوسن نے مزدور رہنماؤں اور مقامی منتخب عہدیداروں کے ساتھ دوپہر کو ہونے والی نیوز کانفرنس میں کہا ’’ویڈیو خوف ناک ہے اور دل دہلا دینے والی ہے۔ ہمیں امیگریشن قوانین کے نفاذ اور سرحدی تحفظ کا ایسا نظام چاہیے جو مؤثر، اخلاقی اور انسان دوست ہو۔ اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آئی سی ای کے اہلکار جیٹ برج تک کیسے پہنچے۔ ان کا خیال ہے کہ اہلکاروں نے مارچ میں دستخط کردہ ریاستی قانون کی خلاف ورزی کی، جس کے تحت قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے لیے چہرہ ڈھانپنے پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔