1000005843

حکومت سندھ نے صوبے بھر کے نوجوانوں کو عالمی فری لانسنگ مارکیٹ سے جوڑنے اور آئی ورک فار سندھ کے ذریعے بین الاقوامی فری لانسنگ منصوبوں تک رسائی یقینی بنانے کا اعلان کیا ہے، جب کہ فری لانسنگ میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے لیے خصوصی فیچر بھی متعارف کرایا جائے گا۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ فری لانسنگ دنیا بھر میں روزگار اور آمدنی کا ایک اہم ذریعہ بن چکی ہے۔ سندھ کے ہنرمند نوجوانوں اور فری لانسرز کو عالمی مارکیٹ میں کام کے مواقع ملیں گے۔

شرجیل انعام میمن کے مطابق سندھ کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، تاہم انھیں عالمی مارکیٹ تک مؤثر اور آسان رسائی کی ضرورت ہے۔ بین الاقوامی فری لانسنگ اور گھر بیٹھے روزگار کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ مقصد یہ ہے کہ ہنرمند نوجوان اپنے شہر یا گھر میں رہتے ہوئے بین الاقوامی آمدنی حاصل کر سکیں۔ آئی ورک فار سندھ کے تحت عالمی فری لانسنگ اور انٹرنیشنل بِڈنگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔

سینئر وزیر نے بتایا کہ بین الاقوامی فری لانسنگ منصوبے اور پروجیکٹس روزانہ پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گے، جب کہ ایک خصوصی ٹیم عالمی سطح پر دستیاب منصوبوں کے حصول کے لیے بولیاں جمع کرائے گی۔ حاصل ہونے والے پروجیکٹس سندھ کے فری لانسرز، پروفیشنلز اور کاروباری اداروں کو دیے جائیں گے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ میں کام کرنے اور اپنی مہارت سے آمدنی کمانے کے قابل بنانا ہے۔ سندھ حکومت کی کاوشوں سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے راستے کھلیں گے۔

ان کے مطابق اس اقدام سے صوبے میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور زرمبادلہ کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔ خواتین کی شمولیت بڑھانے کے لیے گھر بیٹھے کام کرنے پر مشتمل خصوصی فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ نوجوان سندھ کو ڈیجیٹل معیشت کا فعال حصہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan