1000305072

دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم سےخطاب میں وفاقی وزیر مصدق ملک نےکہا کہ اگرسب کی آواز اور معنی ایک جیسےہوں تومکالمے کی ضرورت ہی باقی نہیں رہتی،مکالمےکی اصل خوبصورتی مختلف آوازوں، شناختوں اور خیالات کے باہمی تبادلے میں ہے۔

نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے فورم سےخطاب کرتےہوئے وفاقی وزیر مصدق نےکہاکہ مختلف رنگوں اورخوشبوؤں سےسجےگلدستے کی طرح معاشرے اور تہذیبیں بھی اپنے تنوع کی وجہ سے خوبصورت ہوتی ہیں۔ ہمیں ایک دوسرے کی نظر سے بھی پاکستان کو دیکھنا چاہیے اور مختلف زاویوں سے اپنی تاریخ اور ثقافت کو سمجھنا چاہیے۔

مصدق ملک نےکہا کہ پاکستان کا تاریخی اور تہذیبی ورثہ مختلف ادوار اور خطوں سے جڑا ہوا ہے،اسلام آباد سے تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ٹیکسلا قدیم علم و دانش کا مرکز رہا ہے، جہاں سے شروع ہونے والے فکری اثرات مختلف علاقوں تک پہنچے۔ اسی طرح وسطی ایشیا، افغانستان، بخارا اور سمرقند کے تاریخی روابط بھی ہماری تہذیبی تاریخ کا حصہ ہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیرموسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کی اہم سفارتی ملاقاتیں ،پاکستان، تاجکستان اور ایران کے درمیان ثقافتی روابط اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیرڈاکٹر مصدق ملک نےتاجکستان کی وزیرثقافت ستوریون امون زودہ سے ملاقات کی،جس میں دونوں ممالک کےمضبوط تاریخی اور ثقافتی تعلقات کی اہمیت اجاگر کی گئی۔

ملاقات میں عوامی سطح پر روابط اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ ڈاکٹرمصدق ملک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ثقافتی تعاون اور تحقیق کے فروغ کے لیے ورچوئل گرین یونیورسٹی کے قیام سمیت متعدد تجاویز پیش کیں۔

نئی دہلی میں ہی وفاقی وزیرکی ایرانی وفد سے بھی ملاقات ہوئی۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے اسلامی ثقافت و تعلقات تنظیم ایران کے صدر ڈاکٹر محمد مہدی ایمانی پور سے ملاقات میں پاکستان اور ایران کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan