1000305939

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ساتھی ملازمین نے 22 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے 2 خواتین سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ 3 دیگر ملزمان فرار ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ایک کیفے میں گزشتہ رات پیش آیا جہاں متاثرہ خاتون اپنے ساتھی ملازمین کے ساتھ تقریب میں شریک تھی، متاثرہ خاتون اور ملزمان اسی کیفے میں کام بھی کرتے تھے۔

کیفے رات ساڑھے 11 بجے بند ہونے کے باوجود گروپ نے وہاں شراب نوشی اور رقص کا سلسلہ جاری رکھا کیوں کہ ملزمان میں سے ایک شخص کے پاس کیفے کی چابی موجود تھی، تمام افراد منگل کی صبح تقریباً ساڑھے 3 بجے کیفے سے روانہ ہوئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ تقریب کے دوران 2 مردوں نے مجھے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ گروپ کے دیگر افراد نے بھی اس جرم میں ملزمان کی مدد کی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے 4 مردوں اور 2 خواتین کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، اب تک 2 خواتین سمیت 3 ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں جبکہ باقی 3 ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں

متعلقہ ٹیگز:#World