شدید دھند کے باعث موٹروے ایم فور پر فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق فیصل آباد انٹرچینج سے شمالی سمت جانے والی ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے، جب کہ موٹروے ایم فور کے دیگر تمام حصے شمالی اور جنوبی دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھلے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان کا کہنا تھا کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے، شہری دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کے لیے دن کی روشنی کو ترجیح دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ رہتا ہے۔
دوسری جانب موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ دورانِ سفر گاڑی کی رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور لین کی پابندی کریں۔
حکام نے انتباہ بھی جاری کیا کہ غیر ضروری اوورٹیکنگ اور اچانک بریک لگانے سے گریز کیا جائے جب کہ گاڑی کی فوگ لائٹس، ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز بھی درست حالت میں رکھے جائیں۔