خیبر پختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع میں 1916 غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ ڈی ای اوز کو غیر حاضر اساتذہ سے تین روز میں تحریری وضاحت طلب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پشاور سے جاری مراسلے کے مطابق تسلی بخش وضاحت نہ دینے والے مسلسل غیر حاضر اساتذہ کے خلاف قواعد کے مطابق تادیبی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق اساتذہ کی غیر حاضری سے طلبا کی تعلیم اور تعلیمی اداروں کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق مخصوص اضلاع میں غیر حاضر اساتذہ میں 1042 خواتین اور 874 مرد شامل ہیں۔
شمالی وزیرستان میں سب سے زیادہ 419 اساتذہ غیرحاضر ہیں، ضلع بنوں میں 348 اور جنوبی وزیرستان اپر میں 243 اساتذہ غیر حاضر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں 204 اور لکی مروت میں 150 اساتذہ غیر حاضر رہے، ضلع کرم میں 130 اور خیبر میں 114 اساتذہ کی غیر حاضری سامنےآئی ہے۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق ضلع باجوڑ میں 88 اور مہمند میں 70 اساتذہ غیر حاضر ہوئے، ضلع اورکزئی میں 66 اور ٹانک میں 52 اساتذہ غیر حاضر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی وزیرستان لوئر میں 32 اساتذہ غیر حاضر ہیں، غیر حاضر اساتذہ میں سب سے زیادہ 620 پرائمری اسکول ٹیچرز شامل ہیں۔ غیر حاضر اساتذہ میں 288 پرائمری اسکول ہیڈ ٹیچرز بھی شامل ہیں۔
سیکریٹری اسپشل ایجوکیشن برائے مخصوص اضلاع ڈاکٹر قاسم کے مطابق تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی غیرحاضری پر سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ غیرحاضراساتذہ بچوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں