خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں پولیس چیک پوسٹ چنغوص پر رات گئے دہشت گردوں کا ایک بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کرک فضل واحد کے مطابق مسلح دہشت گردوں نے رات کی تاریکی میں چیک پوسٹ کو نشانہ بناتے ہوئے بھاری ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی، تاہم وہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس جوانوں اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ رات گئے شروع ہو کر صبح تک جاری رہا۔
ڈی پی او کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے کیے جانے والے بھاری ہتھیاروں کے استعمال کے باعث چیک پوسٹ کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا ہے، تاہم پولیس کی جانب سے مؤثر مقابلے اور سخت مزاحمت کے بعد تمام حملہ آور پسپا ہو کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے، فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ حملے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔