وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نےمختلف وزارتوں کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دےدی گئی ۔ ایس ایم ایز کی برآمدات بڑھانے کے لیے ایکسپورٹ فنانسنگ کی شرائط میں نرمی کی منظوری بھی دے دی گئی ۔
وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس دوران قومی اقتصادی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور دیدی گئی ، ایکسپورٹ فنانسنگ اسکیم سےفائدہ اٹھانے کیلئے برآمدات کی کم از کم شرط 80 فیصد سے50 فیصد مقرر کر دی گئی ہے تاہم نئی شرط کے تحت کمپنیوں کو چار سال کے اندر اپنی برآمدات 50 فیصد تک لانا ہوں گی، ایکسپورٹ فنانسنگ اسکیم پر عملدرآمد کا چھ ماہ بعد جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔
اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کے لیے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کر لی گئی، اقلیتی طالبات کے وظائف، یتیم لڑکیوں کےشادی اخراجات اور ہنگامی امداد کیلئےفنڈزفراہم ہوں گے، اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی مرمت کے لیے بھی فنڈز استعمال کیے جائیں گے۔
پنجاب رینجرز کے ہیلی کاپٹرز کے پرزے خریدنےکیلئے2 کروڑ65 لاکھ روپے، سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی اور شکایات کونسل کےملازمین کیلئے 10 کروڑ روپے ، فرنٹیئرکوربلوچستان نارتھ کے ہیلی کاپٹرزکی مرمت،دیکھ بھال کیلئے6 کروڑ 70 لاکھ روپےکی گرانٹ منظور کر لی گئی ۔
دانش اسکولز کے اخراجات کیلئے پہلے سےجاری 2 ارب روپےمیں سے 50 کروڑ روپےاستعمال کرنےکی اجازت دیدی گئی ہے ،دانش اسکولزمیں تنخواہوں، رہائش، ٹرانسپورٹ، بجلی، سیکیورٹی اور مرمت کے اخراجات پورے کیےجائیں گے۔ پاک عرب پائپ لائن کمپنی کے واجبات کی ادائیگی کے لیے ایک ارب روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے ۔
اجلاس میں چینی کی برآمدات سے متعلق سفارشات پر غور کیا گیا جبکہ کسانوں کو مناسب قیمت دلانے کے معاملے پر زور دیا گیا ۔ ای سی سی نے چینی کے شعبے کو حکومتی پابندیوں سے آزاد کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔