سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک مسلح افغان خارجی کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق افغانستان سے دراندازی کرنے والی دہشت گرد تشکیل کا ایک مسلح رکن گرفتار ہوا، جبکہ تشکیل کے دیگر افراد سرحد عبور کرنے میں ناکام رہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افغان خارجی کی شناخت قاری وقاص عرف قدوس کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق اسپین غر، افغانستان سے بتایا جاتا ہے، دورانِ تفتیش گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ خارجی کاظم گروپ میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔سیکورٹی ذرائع نے کہا کہ گرفتار ملزم کی تلاشی کے دوران ایک سب مشین گن، چار میگزین اور 88 گولیاں برآمد ہوئیں، اس کے علاوہ ملزم کے قبضے سے ایک نوٹ بک بھی ملی، جس میں مختلف مقامات اور بم بنانے کی تکنیک سے متعلق نوٹس درج تھے۔دوسری جانب ذرائع نے مزید بتایا کہ گرفتار افغان خارجی قاری وقاص سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران اس کے نیٹ ورک اور دیگر ممکنہ ساتھیوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔