معروف بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ میں بوٹوکس اور کاسمیٹک سرجری کے سخت خلاف ہوں۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا ہے کہ انسان ہمیشہ 19 سال کا نظر نہیں آ سکتا، اس لیے ظاہری خوبصورتی کے بجائے اپنی صحت اور قدرتی شخصیت برقرار رکھنے پر توجہ دینی چاہیے۔ شوبز انڈسٹری میں کم عمر دکھائی دینے کے لیے کاسمیٹک سرجری اور دیگر طریقۂ علاج کا سہارا لینا عام ہوتا جا رہا ہے، تاہم کرینہ کپور اس رجحان سے اتفاق نہیں کرتیں۔کرینہ کپور نے حالیہ انٹرویو کے دوران کہا کہ میں اپنی صلاحیتوں، صحت اور ذہنی و جسمانی تندرستی کو برقرار رکھنے کے لیے قدرتی طریقوں کو ترجیح دیتی ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے واضح کیا کہ میں بوٹوکس کے سخت خلاف ہوں اور اس بارے میں ہمیشہ بہت واضح اور دیانت دار رہی ہوں، میں صحت مند رہنا، اچھا محسوس کرنا اور قدرتی طریقۂ علاج اختیار کرنے کے حق میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی صلاحیتوں کو برقرار رکھنا بھی خود کو محفوظ رکھنے کا ایک حصہ ہے، یہی میرا اصل ہتھیار ہیں۔ 46 سالہ اداکارہ نے کہا کہ خاندان اور دوستوں کے ساتھ چھٹیاں گزارنا اور فلمی سیٹ پر کام کرنے کے علاوہ مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینا بھی خود کو بہتر رکھنے کے طریقے ہیں، انجیکشن لگوانے اور کاسمیٹک سرجری کروانے کے بجائے میں ان چیزوں کو ترجیح دیتی ہوں۔ کرینہ کپور نے کہا کہ لوگوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ جسم اور ذہن کی حفاظت اور صحت برقرار رکھنا، ظاہری خوبصورتی کے لیے انجیکشن لگوانے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ آج کل لڑکیاں 18 یا 20 سال سے زیادہ بڑی دکھائی دینا نہیں چاہتیں، میں اس عمر میں اپنی زندگی کا بہترین وقت گزار رہی ہوں، میں نے خود کو اس سے پہلے کبھی اتنا بہتر محسوس نہیں کیا، حتیٰ کہ اپنی اداکاری میں بھی پہلے سے زیادہ بہتری محسوس کرتی ہوں۔