1000004501

امریکی ایوانِ نمائندگان کی ری پبلکن جماعت نے جیفری ایپسٹین جنسی اسکینڈل کی تحقیقات کے بعد 136 صفحات پر مشتمل رپورٹ جاری کرتے ہوئے حکومتی اداروں کی سنگین ناکامیوں کی نشاندہی کی ہے۔

دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق 15 ماہ کی تحقیقات کے بعد جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی حکومت کئی دہائیوں تک جیفری ایپسٹین اور اس کی ساتھی گِسلین میکسویل کے جنسی جرائم کا شکار افراد کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہی۔

رپورٹ کے مطابق 2005ء کے بعد ہونے والے جرائم روکے جا سکتے تھے لیکن جنوبی فلوریڈا اور واشنگٹن میں تفتیشی اداروں اور وفاقی استغاثہ کی غفلت کے باعث ایسا نہ ہو سکا۔

رپورٹ میں مالیاتی اداروں اور سرکاری محکموں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے کہ انہوں نے انسانی اسمگلنگ اور مشکوک مالی لین دین سے متعلق انتباہی اشاروں کو نظر انداز کیا۔

ایوان کی نگراں کمیٹی نے محکمۂ انصاف سے اہم گواہوں کے دوبارہ بیانات لینے، مزید الزامات کی تحقیقات کرنے اور متاثرین کو غیر ترمیم شدہ سرکاری ریکارڈ تک رسائی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایپسٹین کے جرائم میں ملوث نہیں تھے جبکہ ڈیموکریٹس پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے صدر ٹرمپ کو اس اسکینڈل سے جوڑنے کی کوشش کی۔

ری پبلکن ارکان نے ایسی قانون سازی کی سفارش بھی کی ہے جس کے تحت جنسی استحصال کے متاثرین اور گواہان رازداری کے معاہدوں کی پابندی کے بغیر عوامی سطح پر اپنے بیانات دے سکیں

متعلقہ ٹیگز:#World