1000304901

پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کے الزامات اور غیرذمہ دارانہ بیانات مسترد کردیئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے بھارتی بیانات پاکستان کے اندرونی معاملات میں ناقابل قبول مداخلت ہیں۔ بھارت پاکستان کے آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے اور بلوچستان و خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں بھارتی الزامات کا پاکستانی نمائندے نے فوری اور مؤثر جواب دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کے بے بنیاد الزامات کسی توجہ کے مستحق نہیں، پاکستان کے جائز تحفظات کا جواب دینے کے بجائے بھارتی بیانات اندرونی معاملات میں ناقابل قبول مداخلت ہیں، بھارت پاکستان کے آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ معدنی وسائل کی ترقی کی مخالفت اور بلوچستان و خیبر پختونخوا میں دہشت گرد سرگرمیوں کی سرپرستی کے ذریعے پاکستان کا ترقیاتی عمل سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔

ترجمان نے کہا بھارت اپنے خلاف عالمی سطح پر بڑھتی تنہائی چھپانے کے لیے پاکستان پر الزامات لگا رہا ہے، سندھ طاس معاہدہ بدستور نافذ العمل ہے اور اسے یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی کوئی قانونی بنیاد نہیں، 31 اگست 2026 کو ثالثی عدالت معاہدے کی قانونی حیثیت برقرار رکھنے کا متفقہ فیصلہ دے چکی ہے، اس کے باوجود بھارتی ہٹ دھرمی عالمی قوانین سے وابستگی پر سوالیہ نشان ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے کی ذمہ داریاں پوری کرے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے اور مسلم، سکھ، عیسائی اور دلت اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک ختم کرے، بھارت کو دوسروں پر انگلی اٹھانے کے بجائے اپنے طرزِ عمل پر نظرثانی کرنی چاہیے۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan