اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول اور الیکشن کمیشن کا 21 اکتوبر کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے حکم امتناع جاری کر دیا، عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین سے رپورٹ اور پیرا وائز کمنٹس طلب کر لیے۔
جسٹس عمیر مجید ملک کی عدالت نے امجد علی کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا، درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر عادل عزیز قاضی عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ قانون کے تحت ہر یونین کونسل 9 وارڈز میں تقسیم تھی، الیکشن کمیشن نے 12 دسمبر 2024 کو حدبندی کے اوقات کار جاری کیے، حدبندی مکمل ہونے کے بعد 26 دسمبر 2025 کو انتخابی پروگرام جاری کیا گیا جسے بعد میں واپس لے لیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2026 کے نفاذ سے تین ٹاؤن کارپوریشنز بنائی گئیں اور یونین کونسلوں کی تعداد 125 سے بڑھا کر 130 کر دی گئی، آرڈیننس کے تحت 9 وارڈز کی ساخت ختم کرکے مردم شماری بلاکس کی بنیاد پر حدبندی کا طریقہ کار اپنایا گیا۔
درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن نے 25 اگست 2026 کو نظرثانی شدہ حدبندی کے اوقات کار جاری کیے اور 14 اکتوبر 2026 کو 130 یونین کونسلوں کی حتمی فہرست جاری کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 120 دن کی ایک توسیع کے بعد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2026 آئین کے آرٹیکل 89 کے تحت غیر مؤثر ہونے پر ایکٹ 2015 بحال ہو گیا، الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر 2026 کو بحال شدہ قانون کے تحت انتخابات کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسی روز انتخابی شیڈول جاری کر دیا۔
درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن کے حکم میں بحال شدہ قانون کے تحت 125 یونین کونسلوں کے 9 وارڈز یا میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حدبندی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، ترمیم شدہ قانون کے تحت کی جانے والی حدبندی بحال شدہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت انتخابات کی بنیاد نہیں بن سکتی۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ انتخابات سے قبل لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 اور الیکشنز ایکٹ کے مطابق نئی حدبندی اور ووٹر لسٹوں کی تیاری ضروری ہے، مطلوبہ حدبندی کے بغیر انتخابات کا انعقاد آئین کے آرٹیکل 218(3)، لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 اور الیکشنز ایکٹ کی خلاف ورزی اور سرکاری فنڈز کا ضیاع ہے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کا 21 اکتوبر کا نوٹیفکیشن اور انتخابی شیڈول معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو آئندہ سماعت 26 نومبر 2026 تک رپورٹ اور پیرا وائز کمنٹس جمع کرانے کی ہدایت کر دی، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 26 نومبر تک ملتوی کر دی۔