1000303862

اسرائیلی اپوزیشن رہنما گاڈی آئزن کوٹ نے کہا ہے کہ نیتن یاہو اب مزید 1 منٹ کے لیے بھی حکومت کی سربراہی پر برقرار نہیں رہ سکتے۔

اسرائیلی وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار نے مبینہ انتخابی مداخلت کے الزامات کے تناظر میں اپنے سیاسی حریف نیتن یاہو پر سخت تنقید کی ہے۔

ان کا یہ بیان دونوں رہنماؤں کے نمائندوں کی جانب سے قومی اتحاد کی حکومت کے ممکنہ قیام پر بات چیت کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے۔

آئزن کوٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا ہے کہ سبکدوش ہونے والے وزیرِاعظم نیتن یاہو اور ان کے قریبی حلقے کا طرزِعمل اسرائیلی کے لیے ایک ٹھوس، براہِ راست اور فوری خطرہ ہے۔

انتخابی مداخلت کے الزامات پر انہوں نے کہا کہ میں اس معاملے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہوں، پولیس اور شن بیت سے بھی مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ شائع ہونے والی تفصیلات کی فوری طور پر وضاحت کریں۔

نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ نے آئزین کوٹ کے بیان کو وزیرِ اعظم کے خلاف اشتعال انگیزی پر مبنی و شرمناک قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی نشریاتی ادارے چینل 12 نے اتوار کی صبح ایک رپورٹ نشر کی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ نیتن یاہو کے چیف آف اسٹاف ایدو نورڈن نے 27 اکتوبر کو ہونے والے اسرائیلی انتخابات سے 1 روز قبل متحدہ عرب فہرست پارٹی (رَعَم) کے ارکان کے خلاف پولیس کمشنر کے دفتر میں شکایت درج کرائی تھی۔

رپورٹ کے مطابق ایدو نورڈن نے پولیس اہلکاروں کی توجہ ایک مبینہ انٹیلی جنس ذریعے کی جانب مبذول کرائی، جو اس سے قبل نیتن یاہو کے دفتر میں ملازم رہ چکا تھا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق مذکورہ ذریعے سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر تقریباً 14 پولیس اہلکاروں نے بغیر وارنٹ (رَعَم) پارٹی کے 3 ارکان کے گھروں پر چھاپے مارے اور انہیں ووٹ حاصل کرنے کے لیے رشوت دینے کے شبہے میں گرفتار کر لیا۔

بعد ازاں نیتن یاہو نے انتخابی دن کے دوران عرب قیادت والی جماعتوں کے خلاف مہم شروع کر دی، ان جماعتوں کی جانب سے ریکارڈ 19 نشستیں حاصل کیے جانے کے بعد انہوں نے انتخابی دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے، تاہم ان الزامات کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔

پولیس کی جانب سے مبینہ انٹیلی جنس ذریعے کی فراہم کردہ معلومات کو بے بنیاد قرار دیے جانے کے بعد تینوں گرفتار افراد کو رہا کر دیا گیا۔

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق آئزن کوٹ نے تصدیق کی ہے کہ میری جماعت یاشار اور لیکوڈ پارٹی کے درمیان مشترکہ حکومت کے قیام کی تجویز پر بات چیت ہوئی ہے۔

تاحال نہ تو نیتن یاہو کے سیاسی اتحاد اور نہ ہی آئزن کوٹ کے بلاک کو حکومت تشکیل دینے کے لیے درکار 61 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔

متعلقہ ٹیگز:#World