پاکستان کی سیاست میں جب بھی گورننس کی ناکامی، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم یا دور دراز علاقوں کی پسماندگی پر سوال اٹھتا ہے، تو فوراً ایک آسان سا حل تجویز کر دیا جاتا ہے، کہ ملک میں نئے صوبے بنا دیے جائیں۔۔ بظاہر یہ تجویز بہت پرکشش لگتی ہے۔۔ سننے والے کو یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ہی نقشے پر نئی لکیریں کھنچیں گی اور نئے صوبائی دارالحکومت بنیں گے
صدیوں کی محرومی راتوں رات ختم ہو جائے گی۔۔ لیکن اگر جذباتیت سے ہٹ کر زمینی حقائق پر نظر دوڑائی جائے تو یہ بحث اصل بیماری کا علاج کرنے کے بجائے محض اس بیماری میں مبتلا مریضوں کو تسلی دینے کے مترادف دکھائی دیتی ہے۔۔
اس بحث کی جڑیں دراصل ہمارے نظامِ اقتدار کی اس ساخت میں پیوست ہیں جہاں طاقت اور پیسہ چند مراکز میں سمٹ کر رہ گیا ہے۔۔ گزشتہ دہائیوں میں آبادی میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے، شہر پھیلے اور عوامی مسائل پیچیدہ ہوئے، مگر اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا عمل عملاً رکا رہا۔۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد وفاق سے اختیارات صوبوں کو تو مل گئے، لیکن صوبائی دارالحکومتوں میں بیٹھی اشرافیہ نے یہ اختیارات آگے اضلاع اور یونین کونسلوں تک منتقل کرنے میں ہمیشہ ہچکچاہٹ دکھائی۔۔ نتیجہ یہ نکلا کہ لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سے سینکڑوں میل دور بیٹھے شہریوں میں یہ احساس گہرا ہوتا گیا کہ ان کے حصے کا بجٹ ان تک نہیں پہنچتا۔۔ یہی احساسِ محرومی وقتاً فوقتاً نئے صوبوں کے مطالبے کی صورت میں ابھرتا ہے، جسے سیاسی حلقے اپنے اپنے مفادات کے تحت ہوا دیتے ہیں۔۔
تاہم، یہاں بنیادی سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا محض صوبوں کی تعداد بڑھا دینے سے عام آدمی کی زندگی بدل جائے گی؟ اگر ہم موجودہ چار صوبوں کے نظام کو نچلی سطح تک فعال نہیں کر پائے تو آٹھ یا بارہ صوبے بنا کر ہم صرف نئے وزرائے اعلیٰ، نئے گورنرز، نئی کابینہ، نئی اسمبلیوں اور نئے سیکرٹریٹس کا بوجھ ہی قومی خزانے پر ڈالیں گے۔۔ ایک ایسے ملک میں جہاں پہلے ہی معاشی وسائل محدود ہیں، درجن بھر نئی صوبائی مشینریاں کھڑی کرنا عقلمندی کے بجائے مالی خودکشی کے مترادف بھی ہو سکتا ہے۔ مزید برآں، نئے صوبوں کی حد بندی خود ایک ایسا پنڈورا باکس کھول سکتی ہے جس سے لسانی، علاقائی اور سیاسی تنازعات مزید بھڑک اٹھیں گے اور اصل عوامی مسائل پسِ پشت چلے جائیں گے۔۔
اس کے برعکس، اگر ہم اپنے ہی آئین میں موجود بلدیاتی نظام کو ایمانداری سے نافذ کر دیں تو یہ نئے صوبوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیز، سستا اور پائیدار حل ہے۔۔ ایک عام شہری کو اس بات سے کوئی غرض نہیں ہوتی کہ اس کا صوبہ کتنا بڑا یا چھوٹا ہے، اسے تو اپنے محلے کی ٹوٹی ہوئی سڑک، ابلتے ہوئے گٹر، صاف پینے کے پانی، قریبی سرکاری اسکول کی حالت اور بنیادی مرکزِ صحت میں ڈاکٹر کی موجودگی سے غرض ہوتی ہے۔۔ یہ تمام کام صوبائی اسمبلیوں یا وزراء کے کرنے کے نہیں، بلکہ ایک بااختیار میئر، ضلعی چیئرمین اور کونسلر کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔۔
بلدیاتی نظام کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس میں فیصلہ سازی عوام کے دروازے پر ہوتی ہے۔۔ جب مقامی نمائندے کے پاس اپنا بجٹ اور انتظامی اختیار ہوتا ہے تو وہ اپنے محلے کے مسائل کو بہتر سمجھتا ہے اور عوام کے سامنے براہِ راست جواب دہ بھی ہوتا ہے۔۔ ووٹر کو اپنے مسائل کے حل کیلئے صوبائی دارالحکومت کے چکر نہیں لگانے پڑتے، بلکہ وہ اپنے ہی علاقے کے منتخب نمائندے کا گریبان پکڑ سکتا ہے۔۔ اس نظام سے نہ تو ملک کا جغرافیائی نقشہ چھیڑنے کی ضرورت پڑتی ہے اور نہ ہی آئینی بحران جنم لیتے ہیں، بلکہ موجودہ وسائل ہی بہتر طریقے سے خرچ ہونے لگتے ہیں۔۔
درحقیقت، نئے صوبوں کی بحث اکثر اس لئے بھی چھیڑی جاتی ہے تاکہ بلدیاتی اداروں کو اختیارات دینے سے بچا جا سکے۔۔ اگر ہم واقعی چاہتے ہیں کہ محرومیوں کا خاتمہ ہو اور ترقی کے ثمرات ہر گلی کوچے تک پہنچیں، تو ہمیں نئے صوبوں کے طویل اور متنازعہ راستے کے بجائے بلدیاتی نظام کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانا ہوگا۔۔ جب تک طاقت اور پیسہ نچلی سطح تک منتقل نہیں ہوگا، تب تک نئے صوبے بنانا محض بوسیدہ عمارت کو رنگ و روغن کرنے کے مترادف ہی رہے گا۔۔