امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فی الحال ایران کے ساتھ جنگ دوبارہ شروع نہیں کرنا چاہتے، تاہم ان کی انتظامیہ تہران پر اقتصادی اور عسکری دباؤ برقرار رکھے ہوئے ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ وسط مدتی انتخابات کے بعد سے ٹرمپ کو روزانہ کئی مرتبہ انٹیلی جنس بریفنگز دی جا رہی ہیں۔
ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے اخبار نے بتایا کہ یہ بات اب کافی حد تک واضح ہو چکی ہے کہ ٹرمپ فی الحال دوبارہ جنگ کی طرف نہیں جانا چاہتے۔
رپورٹ کے مطابق تنازع کے آٹھ ماہ مکمل ہونے کے بعد امریکی انتظامیہ نے ایک درمیانی راستہ اختیار کیا ہے، جس کے تحت نہ نئی جنگ شروع کی جائے گی، نہ مذاکرات کیے جائیں گے اور نہ ہی مستقل امن کی کوئی صورت سامنے آ رہی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ معاہدے تک پہنچنے کی کوششیں ترک کر چکے ہیں اور انہوں نے نائب صدر جے ڈی وینس کو دیگر معاملات پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پیر کو وائٹ ہاؤس میں قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمٰن آلثانی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہم فی الحال موجودہ صورتِ حال کو برقرار رکھے ہوئے ہیں، تاہم امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ان تاثرّات کو مسترد کر دیا کہ صورتِ حال تعطل کا شکار ہو چکی ہے۔
پیرس میں جی سیون سربراہی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے روبیو نے ایران کے مطالبات کو بھی مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ ایرانی حکومت پر ہماری اقتصادی مہم کے دباؤ اور اس کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کے اثرات اس قدر مؤثر ثابت ہو رہے ہیں کہ صدر کو بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں کرنے کی کوئی ضرورت محسوس نہیں ہو رہی۔