لیبیا کے بن غازی بحری اڈے پر اسلحہ ڈپو میں زوردار دھماکہ، ہلاکتوں کا خدشہ

لیبیا کے بن غازی بحری فوجی اڈے پر واقع اسلحہ کے ڈپو میں زور دار دھماکہ ہوا، جس کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بحری اڈے پر اسلحہ ڈپو میں ہونے والے دھماکے کی شدت کے باعث قریبی عمارتوں میں بھی لرزش محسوس ہوئی جبکہ دھماکے کے مقام سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔

رپورٹس کے مطابق دھماکہ بحری اڈے کے اس حصے میں ہوا جہاں اسلحہ اور فوجی سازوسامان ذخیرہ کیا جاتا ہے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور امدادی و حفاظتی کارروائیاں شروع کر دیں۔

اسلحہ و گولہ بارود کے ڈپو میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ لیبیا کی سول ڈیفنس ٹیموں کو آگ پر قابو پانے اور صورتحال کو سنبھالنے کے لیے فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق دھماکہ اتوار کی صبح بحری اڈے کے اسلحہ ڈپو میں ہوا۔ امدادی اور فائر فائٹنگ ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں

شہریوں کو جائے وقوعہ کے قریب جمع ہونے سے منع کیا گیا۔ دھماکے کی وجہ، ممکنہ ہلاکتوں یا زخمیوں اور مالی نقصان کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں

متعلقہ ٹیگز:#World