1000006366

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب جدید ترقی اور مستقبل کی ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، لاہور میں ٹریک لیس ایس آر ٹی (SRT) ٹرام کی آمد اس سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے، جو آئندہ ہفتے شہر کی سڑکوں پر چلنا شروع ہوگی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ صوبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ترقی و خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر گزرتا دن پنجاب کو جدت، ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں کی جانب لے جائے گا۔

ٹریک لیس ایس آر ٹی دراصل سپر آٹونومس ریپڈ ٹرانزٹ (ایس اے آر پی) نظام ہے، جسے عام زبان میں پٹڑ ی کے بغیر چلنے والی الیکٹرک ٹرام بھی کہا جاتا ہے۔ روایتی ٹرام کے برعکس اس نظام کے لیے سڑک پر لوہے کی پٹڑیاں بچھانے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ یہ خصوصی ٹائروں، سینسرز، جی پی ایس اور ڈیجیٹل نقشہ سازی کی مدد سے مقررہ راستے پر چلتی ہے۔

ایس اے آر پی نظام کی گاڑیاں مکمل طور پر بجلی سے چلتی ہیں اور متعدد کوچز پر مشتمل ہوتی ہیں، اس ٹیکنالوجی کا مقصد زیادہ مسافروں کو نسبتاً کم وقت میں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنا اور شہری ٹریفک کے دباؤ میں کمی لانا ہوتا ہے۔

لاہور میں ٹریک لیس ٹرام منصوبے پر کام کا آغاز 2025 میں ہوا تھا، اگست 2025 میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے علی ٹاؤن سے مسلم ٹاؤن تک ٹرام کا آزمائشی سفر بھی کیا تھا اور عام ٹریفک کے دوران اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا تھا۔

اس موقع پر حکام نے بتایا تھا کہ ٹرام چین سے درآمد کی گئی ہے اور اس میں تین کوچز نصب ہیں جب کہ اس کی گنجائش تقریباً 320 مسافروں تک بتائی گئی تھی۔

الیکٹرک ٹرام ایک مرتبہ چارج ہونے پر تقریباً 40 کلومیٹر سفر کر سکتی ہے۔

پنجاب حکومت کے مجوزہ پانچ سالہ ٹرانسپورٹ منصوبے میں ایس آر ٹی اور آٹومیٹڈ ریپڈ ٹرانزٹ نظام کو مزید شہروں تک توسیع دینے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں لاہور کے بعد فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی جدید ٹرانسپورٹ نظام متعارف کرانے پر کام کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل لاہور میں میٹرو بس، اورنج لائن میٹرو ٹرین اور الیکٹرک بس سروس جیسے منصوبے بھی شروع کیے جا چکے ہیں۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ نئے الیکٹرک ٹرانسپورٹ منصوبوں سے فضائی آلودگی، ٹریفک کے دباؤ اور شہریوں کے سفری مسائل میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے تازہ پیغام میں ٹرام کی سروس آئندہ ہفتے شروع ہونے کی اطلاع دی ہے، تاہم حتمی افتتاحی تاریخ، کرایے اور مکمل روٹ کی تفصیلات کے لیے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا

ایس آر ٹی ایک بیٹری سے چلنے والی الیکٹرک ٹرانسپورٹ گاڑی ہے جو کئی حصوں یا کوچز پر مشتمل ہوتی ہے۔ دیکھنے میں یہ روایتی ٹرام یا ٹرین جیسی دکھائی دیتی ہے، لیکن اس کے پہیے عام سڑک پر چلتے ہیں۔

اس کی سب سے خاص بات ورچوئل ٹریک ٹیکنالوجی (وی ٹی ٹی) ہے۔ اس ٹرام میں جدید سینسرز، جی پی ایس، ڈیجیٹل میپنگ اور خودکار رہنمائی کا نظام استعمال ہوتا ہے۔

سڑک پر ڈیجیٹل لائن کے ذریعے گاڑی کی سمت متعین ہوتی ہے، سینسرز اردگرد کی رکاوٹوں اور راستے کی صورتِ حال کا جائزہ لیتے ہیں جب کہ جی پی ایس گاڑی کو مقررہ راستے پر رکھنے میں مدد دیتا ہے اور مخصوص ماڈلز میں ڈرائیور کے بغیر چلنے کی صلاحیت بھی موجود ہوتی ہے

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan