سعودیہ میں صارفین کے تحفظ کے قانون کی خلاف ورزی پر سزاؤں اور جرمانہ مقرر کر دیا گیا۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارت تجارت نے بتایا کہ صارفین کے تحفظ کا قانون مصنوعات اور خدمات میں ان کے حقوق کو ایک متحدہ قانونی فریم ورک کے تحت منظم کرنے والی پہلی جامع قانون سازی ہے، یہ قانون سرکاری گزٹ میں اشاعت کے 180 روز بعد نافذ ہوگا جو تین موجودہ ضوابط کی جگہ لے گا۔ ان میں انسداد تجارتی فراڈ قانون، ای کامرس قانون اور تجارتی ڈیٹا قانون شامل ہیں۔
قانون میں خلاف ورزیوں پر سزائیں مقرر کی گئی ہیں جن میں 80 لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ، 2 سال تک قید، کاروباری سرگرمیوں کی معطلی، غیر معیاری مصنوعات کی ضبطی اور صارفین کو وارننگ جاری کرنا شامل ہے۔
اس میں تنازعات کے حل کے بہتر نظام بھی متعارف کروائے گئے ہیں جن کے تحت چھوٹے مقدمات کیلیے آسان طریقہ کار اختیار کیا جائے گا تاکہ انصاف تک رسائی میں تیزی آ سکے۔
قانون میں غیر معمولی حالات، بحرانوں اور وبائی امراض کے دوران غیر معمولی قیمتوں میں اضافے سے صارفین کے تحفظ کیلیے غیر معمولی اقدامات بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔ اقدامات میں عارضی قیمتوں کا کنٹرول نافذ کرنا، زیادہ سے زیادہ منافع کی حد مقرر کرنا اور قیمتوں میں کسی بھی اضافے سے قبل متعلقہ اتھارٹی سے پیشگی منظوری لینا لازم قرار دینا شامل ہے۔