جعلی شناختی دستاویزات پر بے نامی جائیدادوں کا انکشاف، بڑے نام سامنے آگئے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بے نامی جائیدادوں کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا، جہاں جعلی شناختی کارڈز پر کروڑوں مالیت کی جائیدادیں بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔

اسلام آباد میں جعلی شناختی کارڈز کے ذریعے مبینہ افغان شہری امان اللہ کے نام پر کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادیں سامنے آنے کے بعد متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں بے نامی جائیدادوں کے معاملے پر پہلے ہی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے تحقیقات جاری تھیں، تاہم اب انکشاف ہوا ہے کہ جعلی شناختی کارڈز استعمال کرکے مختلف افراد کے نام پر قیمتی جائیدادیں بنائی گئیں۔

ان جائیدادوں کے اصل مالکان اور انہیں استعمال کرنے والے افراد کی نشاندہی کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

مبینہ افغان شہری امان اللہ کے نام پر بھی کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادیں موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے احکامات پر گلبرگ گرین اور جی 64 میں واقع جائیدادوں کی چھان بین شروع کردی گئی ہے۔

اس معاملے میں نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) پہلے ہی امان اللہ کا شناختی کارڈ منسوخ کرچکی ہے، جبکہ اسے غیر ملکی شہری بھی قرار دے دیا گیا ہے۔

دوسری جانب تحقیقات کے دوران ان بے نامی جائیدادوں کے مبینہ اصل مالکان کے نام بھی سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، جس سے اس نیٹ ورک میں مزید افراد کے ملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک اہم کارروائی کے دوران ایک مولانا فضل الرحمان کے قریبی رشتہ داروں کو گھر خالی کرنے کے لیے باقاعدہ نوٹس جاری کیا گیا تھا اور کارروائی سے تقریباً تین گھنٹے قبل انہیں آگاہ کردیا گیا تھا۔ بعد ازاں پولیس کی موجودگی میں ڈپٹی کمشنر اور سی ڈی اے حکام نے متعلقہ گھر سیل کردیا۔

کارروائی کے دوران ایک گاڑی کو تھانے منتقل کیا جارہا تھا تو سربراہ جے یو آئی ایف مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسجد محمود گاڑی سے اترنے پر آمادہ نہیں ہوئے۔

پولیس حکام کے مطابق گاڑی کو تھانے لے جانا ضروری تھا، اس لیے وہ بھی گاڑی کے ساتھ تھانے پہنچ گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسجد محمود کو کسی مقدمے میں گرفتار نہیں کیا گیا اور تاہم وہ تھانے میں موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے دیگر بااثر افراد کے نام بھی سامنے آنے لگے ہیں جنہوں نے مبینہ طور پر بے نامی جائیدادیں بنا رکھی ہیں۔

ایف آئی اے اور نیب سمیت متعلقہ ادارے جائیدادوں کے اصل مالکان، جعلی شناختی دستاویزات کے استعمال اور اس نیٹ ورک میں ملوث افراد کی مکمل چھان بین کررہے ہیں۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan