بہاولپور کے علاقے سمہ سٹہ میں غیرملکی شادی شدہ خاتون پر مبینہ تشدد اور اسے گھر میں قید رکھنے کے الزام میں پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کے سسر کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ اس کا شوہر فرار ہوگیا۔ متاثرہ خاتون کو عدالتی حکم پر دارالامان منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور خاتون پر مبینہ تشدد کے الزام میں اس کے سسر کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ شوہر کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔
واقعے کے حوالے سے عدالت میں پیشی کے دوران متاثرہ غیرملکی خاتون نے اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس کا شوہر متعدد مرتبہ اسے تشدد کا نشانہ بنا چکا ہے۔ خاتون نے عدالت کو بتایا کہ وہ اب اپنے شوہر کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی بلکہ اپنے وطن واپس جانا چاہتی ہے۔
متاثرہ خاتون کے وکیل کے مطابق خاتون کو مبینہ طور پر گھر میں قید رکھا گیا اور اس پر تشدد کیا گیا، جس کے باعث اس کے ہاتھوں اور ٹانگوں پر تشدد کے نشانات موجود ہیں۔ وکیل نے عدالت کے سامنے خاتون کے ساتھ پیش آنے والے مبینہ واقعات کی تفصیلات بھی پیش کیں۔
عدالت نے خاتون کی حفاظت کے پیش نظر اسے دارالامان منتقل کرنے کا حکم دیا، جبکہ متعلقہ سفارت خانے سے رابطہ کرکے خاتون کے معاملے کو قانونی طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
دوسری جانب سامنے آنے والی معلومات کے مطابق متاثرہ خاتون کے ویزے کی مدت بھی تقریباً 11 ماہ قبل ختم ہوچکی ہے، جس کے باعث اس کی وطن واپسی اور قانونی حیثیت کے حوالے سے متعلقہ حکام اور سفارت خانے کا کردار اہم ہوگیا ہے۔
واقعے نے غیرملکی خاتون کے تحفظ، گھریلو تشدد اور بیرون ملک سے آنے والی خواتین کے قانونی حقوق سے متعلق اہم سوالات اٹھا دیے ہیں۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات اور مفرور شوہر کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔