1000304857

کینیڈا نے بھارتی گینگسٹر گولڈی برار کو ملک کے 25 انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں پہلے نمبر پر شامل کرتے ہوئے اس کی گرفتاری میں مدد دینے والی معلومات پر ڈھائی لاکھ کینیڈین ڈالرز انعام مقرر کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ستندر جیت سنگھ عرف گولڈی برار پر بھارت میں بھی 10 لاکھ روپے انعام رکھا گیا ہے جبکہ امریکا نے گزشتہ ستمبر میں اس کی گرفتاری پر 10 لاکھ ڈالرز انعام کا اعلان کیا تھا۔

گولڈی برار 2023ء میں کینیڈا کے شہر ونی پیگ میں 39 سالہ سکھدول سنگھ گل کے قتل کے مقدمے میں مطلوب ہے، 2024ء میں اس کے اور کرن بیر سنگھ کے خلاف قتل اور سازش کے الزامات پر وارنٹِ گرفتاری جاری ہوئے تھے تاہم دونوں تاحال مفرور ہیں۔

کینیڈا کی فہرست میں بھارتی نژاد 2 دیگر ملزمان من پریت سنگھ اور پیدرم رابی بھی شامل ہیں، من پریت پر 2025ء میں فائرنگ کے دوران ایک شخص کے قتل اور دوسرے کو قتل کرنے کی کوشش کا الزام ہے جبکہ پیدرم رابی 2020ء میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ملوث ہے جس میں 3 افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔

کینیڈین پولیس نے دونوں کو انتہائی خطرناک اور مسلح قرار دیتے ہوئے عوام کو ان سے دور رہنے کی ہدایت کی.

میڈیا رپورٹس کے مطابق گولڈی برار کالج کے زمانے میں بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی کے قریب آیا، والدین نے اس کی سرگرمیوں سے پریشان ہو کر 2017ء میں اسے تعلیم کے لیے کینیڈا بھیج دیا جہاں اس نے مختلف ملازمتیں کیں تاہم جرائم پیشہ افراد سے رابطے برقرار رکھے۔

بعد ازاں گولڈی برار نے کینیڈا سے اپنا گروہ چلانا شروع کر دیا جس پر لارنس بشنوئی سے اس کے اختلافات بھی ہوئے۔

بھارتی تحقیقاتی اداروں کے مطابق گولڈی برار قتل، بھتہ خوری، حوالہ، کرپٹو کرنسی کے ذریعے مالی لین دین، اسلحے اور منشیات کی اسمگلنگ سے بھی منسلک ہے۔

امریکی اور بھارتی تحقیقاتی ادارے کو بھی گولڈی برار کی تلاش ہے، کینیڈا، بھارت اور امریکا کی جانب سے گولڈی برار کی گرفتاری پر اعلان کردہ انعامات کی مجموعی مالیت پاکستانی 32 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

متعلقہ ٹیگز:#World