پاکستان میں بسنے والی تمام قومیتیں ہماری قومی شناخت کا حصہ ہیں۔ سندھی، پنجابی، پشتون، بلوچ، سرائیکی، مہاجر اور دیگر تمام برادریاں اس ملک کی برابر کی شہری ہیں۔ کسی صوبے یا علاقے پر کسی ایک قوم کی اجارہ داری نہیں ہونی چاہیے۔
اگر ملک کے مختلف علاقوں میں احساسِ محرومی پایا جاتا ہے اگر لوگوں کو انتظامی مسائل اور وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم کی شکایات ہیں تو ان کا حل سنجیدگی سے تلاش کرنا ضروری ہے۔ نئے صوبوں کا قیام بھی ایک ممکنہ راستہ ہے جس پر تعصب کے بجائے دلیل اعداد و شمار عوامی رائے اور قومی مفاد کو سامنے رکھ کر بات ہونی چاہیے۔
سوال یہ ہے کہ سندھ تقسیم نہیں ہوگا، پنجاب تقسیم نہیں ہوگا، تو آخر کیوں؟
کیا نئے صوبے بننے سے کسی کی شناخت ختم ہو جائے گی؟ کیا کسی علاقے کو بہتر انتظامی سہولیات دینا اس کی تاریخ اور ثقافت سے انکار ہے؟ ہرگز نہیں!
ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ صوبے کسی قوم کی جاگیر نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے لیے انتظامی اکائیاں ہیں۔ کوئی سندھی ہو، پنجابی ہو، پشتون ہو، بلوچ ہو، سرائیکی ہو یا مہاجر، سب سے پہلے پاکستانی ہے اور سب کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ نئے صوبے بنانے سے اخراجات اور انتظامی ذمہ داریاں بڑھ سکتی ہیں، لیکن بہتر منصوبہ بندی شفاف نظام اور مضبوط اداروں کے ذریعے ان مسائل کو سنبھالا جا سکتا ہے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ صوبوں کی تعداد پر ضد اور جذبات کے بجائے قومی اتفاقِ رائے پیدا کیا جائے۔ اگر مزید صوبے عوام کی محرومیوں میں کمی اختیارات کی منصفانہ تقسیم اور بہتر حکمرانی کا ذریعہ بن سکتے ہیں تو اس تجویز پر کھلے دل سے غور ہونا چاہیے۔
یاد رکھیے! پاکستان مضبوط ہوگا تو ہم سب مضبوط ہوں گے۔ ہماری پہچان ہماری قومیت ضرور ہے مگر ہماری سب سے بڑی پہچان پاکستانی ہونا ہے۔
پاکستان سب کا ہے اور اس پر حق بھی سب کا برابر ہے۔ 🇵🇰