امریکی تحقیقاتی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے اپنے ایک اہم ڈیٹا بیس میں سائبر حملے اور ہیکنگ کا انکشاف کیا ہے، جس کے بعد امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ڈیجیٹل ریکارڈز کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سائبر حملے میں ایسے ڈیٹا بیس کو نشانہ بنایا گیا جس میں مطلوب ملزمان، گرفتاری کے وارنٹس اور دیگر اہم قانونی ریکارڈز سے متعلق معلومات موجود تھیں۔ ہیکنگ کا نشانہ بننے والا ڈیٹا بیس کیا ہے؟ رپورٹس کے مطابق ہیکنگ کا مبینہ نشانہ ایف بی آئی کا نیشنل کرائم انفارمیشن سینٹر (NCIC) بنا ہے۔ یہ امریکہ کا ایک اہم قومی سطح کا جرائم سے متعلق معلومات کا نظام ہے، جس کے ذریعے وفاقی، ریاستی اور مقامی قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک دوسرے کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرتے ہیں۔
اس ڈیٹا بیس میں درج ذیل نوعیت کا ریکارڈ میں مجرمانہ سرگرمیوں اور سابقہ جرائم کی تفصیلات، گمشدہ افراد سے متعلق معلومات، چوری شدہ گاڑیوں اور اسلحے کا ریکارڈ، عدالتی حفاظتی احکامات اور بیک گراؤنڈ چیک سے متعلق معلومات شامل ہیں.
یہ نظام پولیس اہلکاروں کو کسی مشتبہ شخص کی شناخت، گرفتاری کے وارنٹ کی تصدیق اور دیگر قانونی معلومات تک فوری رسائی فراہم کرتا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ایف بی آئی نے حالیہ دنوں میں اس ڈیٹا بیس میں غیر مجاز رسائی کا پتا چلنے کے بعد تحقیقات شروع کی ہیں۔ رپورٹ میں تحقیقات سے آگاہ دو ذرائع کا حوالہ دیا گیا ہے۔
تاہم ابتدائی اطلاعات میں یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ہیکرز نے کس طریقے سے سسٹم تک رسائی حاصل کی، کتنی معلومات حاصل کیں اور آیا کسی ریکارڈ میں ردوبدل بھی کیا گیا ہے۔
ایف بی آئی نے سی این این کی جانب سے مؤقف کے لیے رابطے پر فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔ائبر سیکیورٹی ماہرین اور سابق ایف بی آئی حکام کے مطابق اس نوعیت کے ڈیٹا بیس میں غیر مجاز رسائی محض معلومات کی چوری کا معاملہ نہیں بلکہ اس کے عملی اور سیکیورٹی نتائج بھی انتہائی سنگین ہوسکتے ہیں۔
اگر ہیکرز ڈیٹا میں تبدیلی کرنے میں کامیاب ہوگئے تو گرفتاری کے وارنٹس، مطلوب افراد اور دیگر قانونی ریکارڈز کی درستگی متاثر ہوسکتی ہے، جس سے پولیس کی کارروائیوں اور عوامی تحفظ کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ واقعہ چند ماہ کے دوران ایف بی آئی کے نظام میں دوسری بڑی سائبر سیکیورٹی خلاف ورزی ہے۔اس سے قبل ستمبر 2026ء میں ہیکرز کے ایک گروپ شائنی ہنٹرز (ShinyHunters) نے ایف بی آئی کی ملازمتوں سے متعلق ویب سائٹ کو نشانہ بنانے اور ادارے کے موجودہ و سابق ملازمین کی حساس معلومات چرانے کا دعویٰ کیا تھا۔
حالیہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ کے مختلف اہم اداروں کو سائبر سیکیورٹی اور تکنیکی مسائل کا سامنا ہے۔ امریکی محکمہ زراعت (USDA) کے ایک ادائیگی کے نظام پر بھی سائبر حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
واضح رہے کہ ایف بی آئی کے کرائم ڈیٹا بیس میں مبینہ غیر مجاز رسائی کی تحقیقات جاری ہیں اور تاحال یہ تصدیق نہیں ہوئی کہ کون سا ڈیٹا چوری یا تبدیل کیا گیا ہے۔