امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پاگل ہے اس لیے حکومت ایران کی جانب سے واشنگٹن میں ڈرٹی بم کے ممکنہ حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق رپورٹ کا جائزہ لے رہی ہے اور ایسے خطرات کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
ٹرمپ نے یہ بیان امریکی میڈیا سی این این کی ایک رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے دیا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران واشنگٹن میں امریکی حکام کو ممکنہ طور پر ڈرٹی بم کے ذریعے نشانہ بنانے کے منصوبے تیار کر رہا ہے۔
سی این این نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران ایسے منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن کے تحت اسے ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو واشنگٹن میں ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیار کے ذریعے نشانہ بنانے کا اختیار حاصل ہو سکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان منصوبوں سے کسی فوری حملے کے خدشے کا کوئی اشارہ نہیں ملا
واشنگٹن پوسٹ نے تاحال سی این این کی اس رپورٹ کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی، جبکہ ایران نے بھی ان دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارین بِس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکام تمام ممکنہ خطرات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور چوکس ہیں، تاہم اس وقت ملک کو کوئی خطرہ درپیش نہیں ہے۔
سی این این کی رپورٹ سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے منیلا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے امریکا پر حملہ کیا تو اسے ایسی قیمت چکانا پڑے گی، جیسی کسی ملک نے تاریخ میں کبھی ادا نہیں کی ہو گی، تاہم فی الحال کسی حملے کا فوری خطرہ نہیں ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ فلپائن کے دورے پر ہیں، جہاں وہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کی سالانہ کانفرنس میں مختصر شرکت کے بعد چین کے شہر شینزن میں ایشیاء پیسیفک اقتصادی تعاون (اے پی ای سی) فورم کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔
دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں سی این این کی رپورٹ کو بے بنیاد اور من گھڑت میڈیا بیانیہ قرار دیا۔
انہوں نے لکھا ہے کہ جن لوگوں نے ایران کے خلاف جارحیت کا آغاز کیا، وہ اب بے بنیاد الزامات گھڑ کر اور انہیں پھیلا کر اپنے مذموم عزائم کے لیے میڈیا میں راہ ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔