1000306757

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے آغاز کے بعد ایران نے جوابی کارروائیوں اور امریکی افواج پر حملوں کے دوران سپیس ایکس کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس سٹار لنک کا استعمال کیا۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق کمپنی کے اندرونی معاملات سے واقف دو افراد نے بتایا کہ جب سپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک کو اس بات کا علم ہوا کہ سٹار لنک کے دو غیر مجاز استعمال ہوئے ہیں (جن کے بارے میں ان کی ٹیم کا ماننا تھا کہ وہ امریکی افواج کے خلاف ایران کی کارروائیوں سے جڑے ہوئے ہیں) تو وہ شدید غصے میں آ گئے۔

ان میں سے ایک ذریعے نے واشنگٹن پوسٹ کو مزید بتایا کہ ایلون مسک کو یہ اطلاع بھی دی گئی تھی کہ امریکی فوج نے سٹار لنک کے فوجی ورژن جسے سٹار شیلڈ کہا جاتا ہے، کے ذریعے یکطرفہ (خودکش) ڈرونز اڑائے، تاہم اس کے لیے زمینی کارروائیوں والا سستا پلان استعمال کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کو پیش کی گئی ایک خفیہ رپورٹ میں ایرانی فوج کی جانب سے سٹار لنک کے استعمال کی تفصیلات بیان کی گئی تھیں۔

دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ وہ وزیرِ دفاع کے دفتر کو اس موضوع سے متعلق پیش کی گئی کسی ایسی رپورٹ سے آگاہ نہیں ہے۔

یوکرین اور ایران کی جنگوں کے دوران جغرافیائی و سیاسی تنازعات کے علاقوں میں سٹار لنک کے استعمال، اس پر امریکی حکومت کے کنٹرول اور پابندیوں کا شکار عناصر کی جانب سے اس کے غیر قانونی استعمال پر خاصی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

سٹار لنک کو ایران میں کام کرنے کا باضابطہ لائسنس حاصل نہیں ہے لیکن ایلون مسک اس سے قبل یہ کہہ چکے ہیں کہ یہ سروس وہاں فعال ہے۔

وال سٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام نے ملک میں بے امنی کے ادوار (بشمول جنوری میں ہونے والے مہلک ملک گیر مظاہروں) کے دوران عوام کی انٹرنیٹ تک رسائی منقطع کر دی تھی جس کے بعد امریکی حکومت نے ہزاروں سٹار لنک ٹرمینلز سمگل کر کے ایران پہنچائے تھے۔

واضح رہے کہ فروری کے آخر میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے ساتھ موجودہ تنازع شروع ہونے کے بعد سے ایرانی حکومت نے انٹرنیٹ تک رسائی پر سخت کنٹرول برقرار رکھا ہوا ہے۔

متعلقہ ٹیگز:#World