اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات برقرار ہیں، سابق وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ اور اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ کی جماعت یاشر کے درمیان اتحادی حکومت کے قیام پر اتفاق نہ ہو سکا۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دونوں جماعتوں کے وفود نے اتوار کو تل ابیب کے قریب شہر ہرزلیہ میں تقریباً چار گھنٹے تک مذاکرات کیے، تاہم حکومت سازی کے حوالے سے کسی حتمی معاہدے تک پہنچنے میں ناکام رہے۔
مذاکرات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقوں نے مختلف اہم سیاسی اور حکومتی معاملات پر اپنے اپنے مؤقف تفصیل سے پیش کیے ہیں، جبکہ مذاکرات کا ایک اور دور منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ تاہم آئندہ اجلاس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا
واضح رہے کہ اسرائیل میں 27 اکتوبر 2026 کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں کسی بھی سیاسی اتحاد کو پارلیمان کی 120 نشستوں میں سے حکومت بنانے کے لیے درکار 61 نشستوں کی واضح اکثریت حاصل نہیں ہو سکی تھی۔
انتخابات میں نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ سب سے بڑی انفرادی جماعت بن کر سامنے آئی، تاہم ان کے اتحادی بلاک کو بھی مطلوبہ اکثریت حاصل نہیں ہوئی۔ دوسری جانب گادی آئزن کوٹ کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد 48 نشستوں کے ساتھ حکومت سازی کے لیے کوشاں ہے، جبکہ عرب جماعتوں نے مجموعی طور پر 19 نشستیں حاصل کیںاس صورت حال میں اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے 8 نومبر کو گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کا باضابطہ اختیار دیا تھا۔ آئزن کوٹ کو یہ ذمہ داری مکمل کرنے کے لیے 6 دسمبر تک کا وقت دیا گیا ہے، جبکہ صدر کو مزید 14 روز کی توسیع دینے کا اختیار بھی حاصل ہے۔
نیتن یاہو اور آئزن کوٹ کے درمیان اختلافات کی وجوہات
حکومت سازی کے مذاکرات میں سب سے اہم اختلاف وزارت عظمیٰ کی قیادت اور ممکنہ اتحادی جماعتوں کی شمولیت پر ہے۔ نیتن یاہو وسیع البنیاد قومی اتحاد کی حکومت کے خواہاں ہیں، جس میں ان کی جماعت لیکوڈ بھی شامل ہو، جبکہ آئزن کوٹ نیتن یاہو کی سربراہی میں حکومت کا حصہ بننے سے انکار کرتے رہے ہیں۔اس کے علاوہ انتہائی دائیں بازو کے رہنما اتمار بن گویر کی حکومت میں شمولیت اور عرب جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے جیسے معاملات بھی حکومت سازی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
آئزن کوٹ کے لیے سب سے بڑا چیلنج 61 ارکان کی حمایت حاصل کرنا ہے، جبکہ نیتن یاہو بھی سیاسی منظرنامے میں اپنی واپسی اور اقتدار میں شراکت کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
سیاسی مبصرین کی نظر میں اسرائیل میں حکومت سازی کا موجودہ تعطل ملک کو ایک نئے سیاسی بحران سے دوچار کر سکتا ہے، جبکہ آئندہ مذاکرات کے نتائج نہ صرف نیتن یاہو کے سیاسی مستقبل بلکہ اسرائیل کی داخلی اور علاقائی پالیسیوں پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔