
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا اسرائیل کے لبنان، فلسطینی علاقوں اور پورے خطے میں کیے گئے تمام جرائم کا شریک اور معاون ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے امریکی حکام کی جانب سے ایران اور عمان کے خلاف دھمکی آمیز بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے ایک رکن ملک کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کی دھمکیاں دینا انتہائی خطرناک طرزِ عمل ہے، خاص طور پر ایسے ملک کے خلاف جو خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے ہمیشہ تعمیری، مؤثر اور ذمے دار کردار ادا کرتا رہا ہے۔اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایسے بیانات بین الاقوامی تعلقات میں قانون شکنی اور دھونس دھمکی کو معمول بنانے کی ایک اور خطرناک علامت ہیں۔ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ لبنان کے مختلف علاقوں، بشمول دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی حملوں کی شدت کی مذمت کرتے ہیں۔اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں اسرائیلی فوجی حملوں میں شدت آنے کے بعد لبنان میں درجنوں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور اسرائیل نے لبنان کے ایک بڑے حصے میں رہنے والے شہریوں کو یہ ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے گھروں کو چھوڑ کر شمالی علاقوں کی جانب منتقل ہو جائیں۔اسماعیل بقائی کا بھی کہنا ہے کہ بین الاقوامی اداروں کی خاموشی اور بے حسی اسرائیل کو مزید جارح بنا رہی ہے
awareinternational A Credible Source Of News
Aware International © Copyright 2026, All Rights Reserved