
بنگلورو: کنڑ اور تامل ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ نندنی سی ایم بنگلورو میں اپنے گھر میں مردہ پائی گئیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے مبینہ طور پر خودکشی کی، جبکہ جائے وقوعہ سے ایک تحریری نوٹ بھی برآمد ہوا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نندنی نے یہ نوٹ اپنے والدین کے نام لکھا، جس میں انہوں نے مرضی کے خلاف شادی کے لیے دباؤ ڈالے جانے کا ذکر کیا۔ نوٹ کے مطابق اداکارہ ذہنی طور پر شادی کے لیے تیار نہیں تھیں اور دیگر ذاتی مسائل کے باعث ڈپریشن کا شکار تھیں، جس کے نتیجے میں وہ شدید جذباتی دباؤ میں تھیں۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور نوٹ کے مندرجات کو شواہد کے طور پر جانچ کے لیے شامل کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق نندنی کی موت کے حقیقی اسباب سے متعلق تاحال کوئی حتمی یا سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی، جبکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ادھر بھارتی میڈیا نے ایک افسوسناک اتفاق کی جانب بھی توجہ دلائی ہے کہ نندنی حال ہی میں تامل سیریل “گوری” میں نظر آئی تھیں، جس میں ان کے کردار کو زہر پیتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ اس منظر کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، تاہم حکام نے اس ڈرامائی سین کو اداکارہ کی موت کے حالات سے جوڑنے کی واضح طور پر تردید کی ہے۔نندنی سی ایم کی ناگہانی موت نے شوبز انڈسٹری اور مداحوں کو غمزدہ کر دیا ہے، جبکہ اس واقعے نے ایک بار پھر ذہنی صحت اور جبری شادی جیسے حساس سماجی مسائل پر بحث چھیڑ دی ہے۔
awareinternational A Credible Source Of News
Aware International © Copyright 2026, All Rights Reserved