بھارت کے شہر ممبئی میں 22 سالہ ہندو لڑکی شراونی رانے سے شادی کرنے والے 26 سالہ مسلمان نوجوان محمد فیض کے خلاف جبری مذہب تبدیلی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
دونوں نے اکتوبر 2026 میں اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت شادی کی تھی، تاہم شراونی کی والدہ نے میگھواڑی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی کہ ان کی بیٹی کا جبراً مذہب تبدیل کروایا گیا ہے۔
بی جے پی رہنما کیرت سومیا نے الزام عائد کیا کہ محمد فیض نے جسمانی تعلق قائم کرکے لڑکی کو اپنے جال میں پھنسایا اور اسے مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کیا۔ دوسری جانب شراونی نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی مرضی سے شادی کی اور انہیں کسی نے مذہب تبدیل کرنے پر مجبور نہیں کیا۔
شراونی نے سیاسی مداخلت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ سیاست کے نام پر ہمیں ہراساں کر رہے ہیں، میرے ہاتھوں کی مہندی ابھی اتری بھی نہیں اور میں عدالتوں کے چکر لگا رہی ہوں۔‘‘
معاملے نے بھارت میں بین المذاہب شادی، مذہبی آزادی اور سیاسی مداخلت کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔