1000305447

خیبر پختونخوا میں خصوصی اقدامات سے متعلق صدارتی آرڈیننس کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ خصوصی اقدامات کی منظوری، نگرانی اور عمل درآمد کے لیے ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شکایات کے ازالے اور اپیلوں کے لیے دو مرحلوں کا نظام متعارف کرا دیا گیا۔

صوبائی حکومت خصوصی اقدامات کی منظوری اور نگرانی کے لیے ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دے گی۔ گورنر یا وزیراعلیٰ کمیٹی کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور دیگر ارکان نامزد کریں گے۔ محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کمیٹی کے سیکرٹریٹ کے طور پر کام کرے گا۔

ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس کم از کم ماہانہ بنیاد پر ہوگا اور فیصلے اکثریتی رائے سے کیے جائیں گے۔ ووٹ برابر ہونے کی صورت میں چیئرمین کو فیصلہ کن ووٹ حاصل ہوگا۔ کمیٹی ضرورت کے تحت تکنیکی ماہرین اور دیگر افراد کی خدمات حاصل کرسکے گی، تاہم انہیں ووٹ دینے کا اختیار نہیں ہوگا۔

ایگزیکٹو کمیٹی ہنگامی اور فوری نوعیت کے منصوبوں کو خصوصی اقدامات قرار دے سکے گی۔ تجاویز، کانسیپٹ پیپرز اور پی سی ون کی جانچ پڑتال اور منظوری کمیٹی دے گی، جبکہ پیشگی منظوری بھی دی جاسکے گی۔ منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ اداروں کا تعین اور ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی۔ کارکردگی بہتر بنانے، اخراجات میں بچت اور منصوبوں کی نگرانی کے لیے تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کا نظام بھی قائم کیا جاسکے گا۔

خصوصی اقدامات سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے گریوینس ریڈریسل کمیٹی قائم ہوگی۔ متاثرہ شخص تحریری شکایت جمع کراسکے گا، جس پر کمیٹی تیس روز کے اندر فیصلہ کرنے کی پابند ہوگی۔ فیصلے سے غیر مطمئن شخص حکومت کے سامنے اپیل دائر کرسکے گا، حکومت 15 روز میں اپیل کا فیصلہ کرے گی اور حکومتی فیصلہ حتمی ہوگا۔ آرڈیننس کے تحت نیک نیتی سے کیے گئے اقدامات پر قانونی تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan