کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے والے براہ راست فیڈرل بورڈ آف ریونیوکے ریڈار پر آگئے ہیں، ، ماہانہ 2 لاکھ یا زائد بل ادا کرنے والوں کا ریکارڈ اب براہِ راست ایف بی آر کو جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کریڈٹ کارڈ صارفین کی مالی سرگرمیوں کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
جس کے تحت کمرشل بینکوں کے لیے ماہانہ 2 لاکھ روپے یا اس سے زائد کے کریڈٹ کارڈ بل ادا کرنے والے صارفین کا ڈیٹا ایف بی آر کو فراہم کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
ایف بی آر نے اس مقصد کے لیے انکم ٹیکس رولز 2002 میں نیا ’کریڈٹ کارڈ پیمنٹس اسٹیٹمنٹ‘ متعارف کرا دیا ہے، جس کا اطلاق ٹیکس سال 2027 سے ہوگا۔ یہ ٹیکس سال یکم جولائی 2026 سے 30 جون 2027 تک جاری رہے گا۔
نئے قواعد کے تحت بینکوں کو ایسے تمام افراد اور کاروباری اداروں کی ماہانہ تفصیلات ایف بی آر کو جمع کرانا ہوں گی جن کی کریڈٹ کارڈ ادائیگیاں 2 لاکھ روپے کی حد تک پہنچتی ہیں یا اس سے تجاوز کرتی ہیں۔
رپورٹ میں صارفین کا شناختی کارڈ یا پاسپورٹ نمبر، نیشنل ٹیکس نمبر، اکاؤنٹ ٹائٹل، رہائشی حیثیت، مکمل پتہ، رابطہ نمبر، کریڈٹ کارڈ نمبر، کارڈ جاری ہونے کی تاریخ، پیشہ اور ادائیگیوں کی تفصیلات شامل ہوں گی۔
اس کے علاوہ بینک کے مجاز نمائندے کو جمع کرائی گئی معلومات کی درستگی اور مکمل ہونے کی تصدیق کے لیے بیانِ حلفی بھی جمع کرانا ہوگا۔
حکام کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے تحت کریڈٹ کارڈ کی ادائیگیوں پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، تاہم ایف بی آر بڑی مالی ٹرانزیکشنز کا صارفین کی ظاہر کردہ آمدنی اور ٹیکس گوشواروں سے موازنہ کرسکے گا، جس سے مالی شفافیت اور ٹیکس نیٹ کی نگرانی میں مدد ملے گی۔