ڈچ کے معروف مصور ونسنٹ وین گوگ کی ایک پینٹنگ نے تاریخ کی مہنگی ترین نیلامی کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز ونسنٹ وین گوگ کی ایک پینٹنگ 19 کروڑ 4 لاکھ ڈالرز میں فروخت ہونے کے بعد ناصرف نیویارک میں قائم نیلام گھر سوتھبیز کی تاریخ کی سب سے بڑی فروخت بن گئی بلکہ اس نے مصور کے کسی فن پارے کی فروخت کا بھی ریکارڈ قائم کر دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نیلام گھر نے اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ تقریباً 60 برس تک عوام کی نظروں سے اوجھل رہنے والی ونسنٹ وین گوگ کی پینٹنگ ’شاٹینیے آن فلور‘ (Chataigniers en fleurs) جس کا مطلب ’کھلتے ہوئے شاہ بلوط کے درخت‘ ہے، آج رات سوتھبیز کے نیویارک نیلام گھر میں 19 کروڑ 4 لاکھ ڈالرز میں فروخت ہو کر کسی مصور کے لیے نیا ریکارڈ قائم کر گئی۔
وین گوگ کی 1890ء میں تخلیق کردہ اس روشن اور دلکش منظر نگاری میں شام کی روشنی میں کھلتے ہوئے شاہ بلوط کے ایک بڑے درخت کو دکھایا گیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق تمام اضافی اخراجات اور فیس سمیت 19 کروڑ 4 لاکھ ڈالرز کی یہ رقم وین گوگ کے کسی فن پارے کی نیلامی میں فروخت کی سب سے بڑی قیمت ہے۔
مہنگائی کے اثرات کو مدِنظر رکھتے ہوئے یہ نیلامی کی تاریخ میں فروخت ہونے والی دنیا کی چھٹی مہنگی ترین پینٹنگ بھی بن گئی ہے۔
معروف آرٹ ڈیلر اور ایکواویلا گیلریز کے سربراہ ولیم ایکواویلا نے یہ پینٹنگ خریدی ہے، تاہم ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق سوتھبیز کے لیے یہ بھی ایک بڑی کامیابی تھی کہ نیلامی کا انعقاد ممکن ہو سکا۔
واضح رہے کہ ’کھلتے ہوئے شاہ بلوط کے درخت‘ نامی اس پینٹنگ نے وین گوگ کی سابقہ نیلامی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، جو 2022ء میں کرسٹیز نیلام گھر میں فروخت ہونے والے ایک منظرِ فطرت کے فن پارے نے قائم کیا تھا۔
یہ پینٹنگ مائیکرو سافٹ کے شریک بانی پال ایلن کے آرٹ کلیکشن کا حصہ تھی اور 11 کروڑ 72 لاکھ ڈالرز میں فروخت ہوئی تھی، جو آج کی قدر کے حساب سے تقریباً 13 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز بنتے ہیں