چین میں ایک ایسا منفرد ریسٹورنٹ بھی ہے جہاں کھانا آرڈر کرنے کے لیے بولنے کی ضرورت نہیں، بلکہ اشاروں، مسکراہٹوں اور محبت بھرے رویے سے ہی کام چل جاتا ہے۔
چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صوبہ شانشی کے شہر تائی یوان میں قائم اس ریسٹورنٹ کا نام ’چاؤشان ڈیف سسٹر‘ ہے، جسے سماعت سے محروم میاں بیوی ین ینگ اور فینگ یابین چلاتے ہیں۔
اس ریسٹورنٹ میں صارفین ہاتھوں کے اشاروں، مینیو کی جانب اشارہ کر کے یا چینی اشاروں کی زبان کے چارٹ کی مدد سے اپنی پسند کا کھانا آرڈر کرتے ہیں۔
انتظامیہ نے سماعت سے محروم دیگر افراد کو ریسٹورنٹ میں ملازمت بھی فراہم کر رکھی ہے تاکہ انہیں باعزت روزگار اور کام کرنے کے لیے سازگار ماحول مل سکے
اس ریسٹورنٹ میں انسان دوستی صرف کاروبار تک محدود نہیں، وہ ایسے افراد کو مفت کھانا بھی فراہم کرتے ہیں جو اس کی قیمت ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ ان میں سماعت سے محروم طلبہ اور صفائی کے عملے سے وابستہ افراد بھی شامل ہیں۔
چین کا یہ منفرد ریسٹورنٹ اس وقت سوشل میڈیا پر خصوصی توجہ کا مرکز بنا جب ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر وہاں پہنچا اور بتایا کہ اس کے پاس کھانے کے پیسے نہیں ہیں، تو ریسٹورنٹ کی انتظامیہ نے نا صرف اسے مفت کھانا کھلایا بلکہ کاؤنٹر پر موجود رقم بھی اسے دینے کی پیشکش کر دی۔
سوشل میڈیا انفلوئنسر نے چینی جوڑے کے اس غیر معمولی جذبۂ خیرسگالی سے متاثر ہو کر ان کی کہانی سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس کے بعد اس ریسٹورنٹ کی مقبولیت میں اضافہ ہوگیا