1000303669

وزیراعلیٰ پنجاب کے زیرِ استعمال خصوصی گلف اسٹریم طیارے کے اخراجات پورے کرنے کے لیے پنجاب حکومت نے 2 ارب 35 کروڑ روپے کے اضافی فنڈز منظور کر لیے، صوبائی کابینہ نے بھی اضافی رقم کی منظوری کی توثیق کر دی۔

سامنے آنے والی سرکاری دستاویزات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے زیرِ استعمال وی آئی پی گلف اسٹریم طیارے کے اخراجات میں اضافے کے باعث مزید مالی وسائل درکار تھے، جس پر پنجاب حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر 2 ارب 35 کروڑ روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری حاصل کی۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ طیارے کے اخراجات پورے کرنے کے لیے اضافی رقم مختص کرنے کی حکومتی تجویز صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کی گئی، جسے منظور کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اضافی فنڈز کی منظوری کا بنیادی مقصد خصوصی طیارے کے بڑھتے ہوئے اخراجات پورے کرنا ہے۔

گلف اسٹریم طیارہ وزیراعلیٰ پنجاب کے زیرِ استعمال ہے۔ اس کے اخراجات کے لیے مزید 2 ارب 35 کروڑ روپے مختص کیے جانے کے معاملے نے سرکاری وسائل کے استعمال، طیارے کی دیکھ بھال اور آپریشنل اخراجات کے مجموعی مالی حجم سے متعلق اہم سوالات کو جنم دیا ہے۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan