وزیراعظم شہبازشریف نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزراء کو ایک دوسرے کیخلاف سیاسی بیان بازی سے روک دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی وزراء کی جانب سے حالیہ بیان بازی کا نوٹس لے لیا، وزیراعظم نے تمام وزراء کو ایک دوسرے کیخلاف سیاسی بیان بازی سے روک دیا۔ کہا وفاقی کابینہ کےاراکین کے درمیان معاملات افہام وتفہیم اور اتفاق سے آگے بڑھنے چاہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ حکومت کی تمام ترتوجہ عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پرمرکوز ہے، حکومت معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہے، پاکستان کوبین الاقوامی سطح اورسفارتی محاذ پربھی اللہ تعالیٰ نے متعدد اہم کامیابیوں سے نوازا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیروترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے، وفاقی کابینہ کےاراکین کے درمیان معاملات افہام وتفہیم اوراتفاق سے آگے بڑھنے چاہیں، ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی سے منفی تاثرپیدا ہوتا ہے، تعمیروترقی سے توجہ ہٹتی ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ وزرا اچھا کام کررہے ہیں،ان کی توجہ صرف عوامی خدمت و تعمیر ترقی پر ہی رہنی چاہیے، صوبائی نمائندے بھی ایسی بیان بازی سے گریز کریں اور مثبت بات چیت کو فروغ دیں، ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے، سب کا فرض ہےکہ ہم سیاسی استحکام کے حوالے سے اپنا بھرپورکردار ادا کریں۔