1000304257

اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پر21 اکتوبر کو مختصر فیصلہ جاری کیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی حکومتوں کے قیام سے متعلق آئینی تقاضے پر عملدرآمد کیا جانا ضروری ہے، کسی انتظامیہ یا قانونی رکاوٹ کو بلدیاتی انتخابات میں حائل ہونے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد مقامی حکومت آرڈیننس 2026 چھ ستمبر کو مدت پوری ہونے کے بعد ختم ہوچکا، اس آرڈیننس کے تحت کیے گئے تمام اقدامات بھی ختم ہوچکے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق آرڈیننس ختم ہونے کے بعد اسلام آباد مقامی حکومت ایکٹ 2015 بحال ہوگیا، اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول 2015 کے ایکٹ کے مطابق جاری کیا جانا ضروری ہے۔

الیکشن کمیشن کے تفصیلی فیصلے کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول 2015 کے ایکٹ کے مطابق جاری کیا جانا ضروری ہے، اس وقت قابل اطلاق بلدیاتی قانون 2015 کا ہے۔

الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کہا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد 12 مارچ 2025 کو حلقہ بندیاں شائع کیں، یہ حلقہ بندیاں مردم شماری کے نتائج کی بنیاد پر تھیں۔

الیکشن کمیشن کے تفصیلی فیصلے کے مطابق یہ حلقہ بندیاں 125 یونین کونسلز کی بنیاد پر کی گئی تھیں، الیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کیلئے 6 بار حلقہ بندیاں کرائیں، الیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کیلیے 4 بار الیکشن شیڈول کا اعلان کیا۔

الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو خطوط میں اسلام آباد بلدیاتی آرڈیننس پر جلد قانون سازی کا کہا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق وزارت داخلہ نے بتایا کہ اسلام آباد بلدیاتی قانون قائمہ کمیٹی سے منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں پیش ہونا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد بلدیاتی قانون 6 ستمبر کو ایکسپائر ہوگیا لہٰذا تمام ترامیم غیر فعال ہوگئیں۔

الیکشن کمیشن نے کہا حکومت کی جانب سے بار بار نئی قانون سازی اور مجوزہ ترامیم الیکشن میں تاخیر کی وجہ بنی، قانون میں ایسی تبدیلوں کو انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا غیرمعینہ مدت تک موخر کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan