متحدہ عرب امارات کی ایک مقبول لاٹری اسکیم کے کروڑ پتی خوش نصیبوں نے انعامی رقم سے اپنے خواب پورے کرنے کے ساتھ اہل خانہ کی زندگی بھی بدل دی، کسی نے دبئی میں گھر خرید لیا، کسی نے کاروبار شروع کیا تو کسی نے بچوں کی تعلیم اور فلاحی منصوبوں کے لیے رقم مختص کردی۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جنوری 2026 میں 3 کروڑ درہم کا انعام جیتنے والی فلپائنی شہری اینا لی گیونگن نے سب سے پہلے اپنے خاندان کی ضروریات پوری کرنے پر توجہ دی۔
انہوں نے اپنے بیٹے کی تعلیم محفوظ بنائی، والدین کے لیے گھر خریدا اور بہن بھائیوں کو اپنے کاروبار قائم کرنے میں مالی مدد فراہم کی۔
جولائی 2026 میں 2 کروڑ 50 لاکھ درہم کا انعام جیتنے والی 42 سالہ بھارتی گھریلو خاتون کنیکا اروڑا نے دبئی میں اپنا گھر خریدنے کا دیرینہ خواب پورا کرلیا۔
کنیکا کا کہنا ہے کہ انہوں نے بالآخر اپنے خوابوں کا گھر خرید لیا ہے اور اب دبئی میں اپنا کاروبار شروع کرنے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہیں۔
بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے الیکٹریشن محمد ناصر بلال نے جولائی 2025 میں دوستوں کے گروپ کے ساتھ خریدا گیا ٹکٹ جیت کر 2 کروڑ 50 لاکھ درہم کا انعام حاصل کیا تھا۔
انہوں نے انعامی رقم گروپ کے ارکان میں تقسیم کرنے کے ساتھ اپنے حصے سے بنگلا دیش میں خاندان کے لیے گھر خریدا اور سرمایہ کاری بھی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا خواب سرمایہ کاری کرنا اور اپنے خاندان کے لیے گھر خریدنا تھا، جو انعام جیتنے کے بعد پورا ہوگیا۔
دوسری جانب ہر خوش نصیب کو کروڑوں درہم نہیں ملے، اکتوبر 2025 میں ایک لاٹری ٹکٹ کے ذریعے ایک لاکھ درہم جیتنے والے مصری ڈاکٹر اسلام شافشاک نے یہ رقم اپنی تعلیم جاری رکھنے پر خرچ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ڈاکٹر اسلام طویل اور صحت مند زندگی سے متعلق طبی شعبے میں مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتے تھے، تاہم مالی وسائل کی کمی کے باعث ان کا یہ ارادہ مؤخر ہوگیا تھا۔ ان کے مطابق انعام جیتنے سے انہیں برسوں سے زیر التوا تعلیم جاری رکھنے کا موقع ملا، جس سے مستقبل میں ایسے افراد کو بھی فائدہ پہنچانے کی امید ہے جو مہنگے طبی علاج کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔
نیپال سے تعلق رکھنے والے رنجیت کمار پال نے فروری 2023 میں 20 دوستوں کے گروپ کے ساتھ خریدا گیا ٹکٹ جیت کر 2 کروڑ 30 لاکھ درہم کا انعام حاصل کیا تھا۔
دو بچوں کے والد رنجیت کمار پال کا کہنا تھا کہ ان کی اولین ترجیح نیپال میں اپنے خاندان کی مالی مدد کرنا اور بچوں کا مستقبل محفوظ بنانا ہے۔ ان کے مطابق وہ ہمیشہ سے اپنے خاندان کی بہتر کفالت اور بچوں کو اچھا مستقبل دینے کا خواب دیکھتے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جیتنے والوں نے اپنی انعامی رقم کو محض ذاتی آسائشوں تک محدود رکھنے کے بجائے گھروں کی خریداری، سرمایہ کاری، تعلیم اور فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے اپنے اور اپنے خاندان کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا