1000004542

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے دورہ ٹھٹھہ کے دوران صدارتی قافلے میں شامل گاڑی خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ نے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کو انکوائری کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈی آئی جی لاجسٹکس زبیر درشک اور ڈی آئی جی فنانس تنویر عالم اوڈھو کمیٹی کے دیگر ارکان میں شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق صدارتی قافلے میں شامل جس ڈبل کیبن گاڑی میں خرابی پیدا ہوئی تھی، اس کے حوالے سے یہ اہم سوال اٹھایا گیا ہے کہ ناکارہ اور خراب گاڑی پروٹوکول کے اس اہم قافلے میں کیسے شامل ہوئی۔

کمیٹی اس بات کی بھی جانچ کرے گی کہ گاڑی کے معائنے اور ڈیوٹی پر تعیناتی کے کون سے افسران ذمہ دار تھے۔ اس کے علاوہ گاڑی میں پہلے سے موجود تکنیکی خرابیوں اور اس کی مرمت کے ریکارڈ کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔

انکوائری کمیٹی کو اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے بجٹ اور فنڈز کے استعمال کی تحقیقات کا بھی ٹاسک دیا گیا ہے۔ کمیٹی ایس ایس یو میں گاڑیوں کی مرمت، ایندھن اور نئی گاڑیوں کی خریداری کے اخراجات کی جانچ پڑتال کرے گی، تاکہ غفلت کے ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی جا سکے۔

حکم نامے میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ وی آئی پی اور وی وی آئی پی قافلوں میں اس طرح کے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر سفارشات تیار کی جائیں، اور انکوائری کمیٹی 7 روز کے اندر اپنی مفصل رپورٹ حکام کو پیش کرے گی۔

متعلقہ ٹیگز:#Pakistan