1000006025

انتہائی مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ افواجِ پاکستان، شہداء اور غازیوں کی ہرزہ سرائی کرنے میں پیش پیش وہ احساس کمتری کا شکار ذہنی معذور طبقہ ہے، جن کے شعور حاصل کرنے کا منبع جھوٹے یوٹیوبرز، خودساختہ موٹیویشنل سپیکر یا علماء کے بھیس میں جہلاء ہیں۔۔

🇵🇰رات کے اندھیرے اور کٹھن راستوں میں جاگتی آنکھیں:

جب رات کی گہری تاریکی ہر سو پھیل جاتی ہے، اور پورا ملک اپنے محفوظ گھروں میں سکون کی نیند سو رہا ہوتا ہے، عین اسی وقت وطن عزیز کے جانثار سپوت کٹھن، پتھریلے اور انتہائی دشوار گزار راستوں پر جاگتی آنکھوں کے ساتھ پہرہ دے رہے ہوتے ہیں۔۔ گشت کی جھلکیاں ان ہی بے لوث قربانیوں کی ایک زندہ تصویر پیش کرتی ہیں، جس نے ہر محب وطن شہری کے دل کو عقیدت اور تشکر کے جذبات سے گرما دیا ہے۔۔ ان مناظر میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ گھپ اندھیرے میں کچے، پتھریلے اور ناہموار راستوں پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑیاں ہیڈلائٹس کی مدھم روشنی میں مکمل چوکسی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔۔ پیچھے چلنے والی گاڑی کے اندر سے ریکارڈ کئے گئے اس منظر میں راستے کی ہولناکی اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مستعدی روزِ روشن کی طرح عیاں ہے۔۔ یہ محض ایک معمول کا گشت نہیں، بلکہ اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ ہے، کہ اس پاک سرزمین کے امن اور سلامتی پر کسی بھی قیمت پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔۔

اپنوں سے دوری فرض کی ادائیگی میں حائل نہیں ہوسکتی۔۔وردی میں ملبوس یہ جوان کسی ماں کے جگر کا ٹکڑا، کسی بہن کا مان، کسی سہاگن کا سہارا اور کسی معصوم بچے کے شفیق باپ ہیں۔۔ جب ہم تہواروں کی خوشیاں مناتے ہیں یا سردیوں کی یخ بستہ راتوں میں لحافوں میں دبک کر سوتے ہیں، تب یہ محافظ اپنے پیاروں کی خوشیوں، آرام اور خواہشات کو پسِ پشت ڈال کر برف پوش چوٹیوں، تپتے صحراؤں اور خطرناک سرحدی علاقوں میں دفاع وطن کی خاطر سینہ تان کر کھڑے ہوتے ہیں۔۔ وہ جانتے ہیں کہ کچے راستوں کے ہر موڑ پر کوئی بھی خطرہ گھات لگائے بیٹھا ہو سکتا ہے، مگر وطن کی محبت ان کے قدموں کو ڈگمگانے نہیں دیتی۔۔

افواجِ پاکستان کی خدمات صرف سرحدوں کی نگرانی یا دہشتگردی کے خلاف جنگ تک محدود نہیں، بلکہ ملک کو جب بھی کسی کڑے امتحان یا قدرتی آفت کا سامنا کرنا پڑا، یہی جوان سب سے پہلے مدد کو پہنچے۔۔ زلزلوں کی تباہ کاریاں ہوں یا سیلاب کی بپھری ہوئی موجیں، افواجِ پاکستان کے جوانوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر لاکھوں ہموطنوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔۔

عالمی سطح پر بھی اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں پاکستانی فوجیوں کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور انسان دوستی کا لوہا پوری دنیا مانتی ہے۔۔ حقیقت یہ ہے کہ ایک مضبوط اور منظم فوج ہی کسی ملک کی خود مختاری کی ضامن ہوتی ہے، اور افواجِ پاکستان نے ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔۔

ایک طرف پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، تو دوسری طرف انتہائی افسوس اور دکھ کے ساتھ یہ دیکھنا اور سننا پڑتا ہے، کہ ہمارے ہی معاشرے میں کچھ ایسے بے حس،اور گمراہ کن عناصر بھی موجود ہیں، جو اپنے مذموم مقاصد اور سستی شہرت کے لئے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کا مذاق اور شہداء کی تضحیک کرنے سے بھی باز نہیں آتے۔۔

ایسے عناصر دراصل احسان فراموشی کی بدترین مثال قائم کر رہے ہیں۔۔ جن شہداء نے اپنے لہو سے اس ملک کے امن کے چراغ روشن کئے، جن جوانوں نے اپنے جسمانی اعضاء قربان کر کے ہمیں محفوظ ماحول فراہم کیا، ان کے خلاف زہر افشانی کرنا نہ صرف اخلاقی پستی کی انتہا ہے بلکہ کھلی غداری کے مترادف ہے۔۔ یہ لوگ ان محفوظ گھروں میں بیٹھ کر منفی پروپیگنڈا کرتے ہیں، جن گھروں کی حفاظت کے لئے ہزاروں ماؤں نے اپنے لختِ جگر وطن پر نچھاور کر دیے۔۔ شہداء کی حرمت پر انگلی اٹھانے والے دراصل دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دیتے اور قوم کے حوصلوں کو پست کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں۔۔

تاریخ گواہ ہے کہ مٹھی بھر منفی سوچ رکھنے والے عناصر کبھی بھی قوم اور اس کے محافظوں کے درمیان خلیج پیدا نہیں کر سکے۔۔ پاکستان کی بقا، سلامتی اور داخلی استحکام ان ہی غازیوں اور شہداء کے عزمِ مصمم کا مرہونِ منت ہے۔۔ شہداء کا لہو ہم پر قرض ہے اور ان کی عزت و تکریم ہر محب وطن پاکستانی کا فرض ہے۔۔

پاکستان پائندہ باد 🇵🇰

متعلقہ ٹیگز:#Articles