ایرانیِ پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ جدید فضائی دفاعی نظام نے خلیج میں ہینگم جزیرے کے قریب امریکی ایف 16 جنگی طیارے پر انتباہی فائرنگ کی، جس کے بعد طیارہ واپس جانے پر مجبور ہو گیا۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آئی آر جی سی نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ امریکی جنگی طیارہ ہینگم جزیرے کے جنوب مشرق سے ایرانی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔
آئی آر جی سی کے مطابق طیارہ ان بحری جہازوں کو حفاظتی فضائی حصار فراہم کر رہا تھا جنہیں ایران نے سمندری قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا ہے۔
بیان کے مطابق ایرانی فضائی دفاعی نظام کی جانب سے کارروائی کے بعد امریکی طیارے نے اچانک رخ تبدیل کر لیا اور علاقے سے واپس چلا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت کی نگرانی اور انتظام سے متعلق ضوابط سے بچنے کی کوئی بھی کوشش ناقابلِ قبول ہے۔
بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ امریکی فوجی طیاروں کی جانب سے بار بار خلاف ورزیوں کی صورت میں ایران کی جانب سے فیصلہ کُن جواب دیا جائے گا