امریکی حکام کے مطابق توانائی کی ترسیل کرنے والے 50 بحری جہازوں پر ہونے والے درجنوں سائبر حملوں میں ایران ملوث ہو سکتا ہے، جبکہ روس کا کردار بھی زیرِ تفتیش ہے۔
امریکی اخبار نے حکام اور معاملے سے واقف افراد کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکا تیل، مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی)، کیمیکلز اور دیگر دھماکا خیز مواد لے جانے والے 50 بحری جہازوں پر درجنوں سائبر حملوں میں ایران کے ممکنہ طور پر ملوث ہونے کی تحقیقات کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ تہران سائبر کارروائیوں اور مشرقِ وسطیٰ سے دور امریکی شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے ذریعے جنگ کا دائرہ وسیع کر رہا ہے
امریکی اخبار کے مطابق بعض بحری جہازوں کو دھمکی آمیز پیغامات بھی موصول ہوئے ہیں، جن میں بم دھماکوں کی دھمکیاں دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان جہازوں کو دھماکے سے اڑایا جا سکتا ہے۔
اخبار نے کہا ہے کہ دیگر جہازوں کو ایسے پیغامات بھیجے گئے ہیں جن میں انہیں امریکی مصنوعات کی ترسیل سے باز رہنے کی تنبیہ کی گئی تھی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان حملوں میں ایران کو بنیادی مشتبہ فریق سمجھا جا رہا ہے، تاہم امریکی حکام روس کو بھی ممکنہ طور پر ملوث قرار دے رہے ہیں۔