1000305207

بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے سوشل میڈیا پر اپنی فلموں اور اداکاری پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایسے لوگوں سے کوئی مسئلہ نہیں جو ان پر تنقید کرکے پیسے کماتے یا اپنے فالوورز بڑھاتے ہیں۔

اپنی نئی ایکشن فلم ’ماتروبھومی‘ کی تشہیر کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے وہ دیکھ رہے ہیں کہ بعض لوگ ان کی واپسی کا انتظار کرنے کی بات کر رہے ہیں، لیکن ساتھ ہی ان کی گزشتہ پانچ چھ فلموں کی کارکردگی پر سوالات بھی اٹھا رہے ہیں اور انہیں دوستوں کے مشوروں پر عمل کرنے کا کہتے ہیں۔

سلمان خان کے مطابق فلم ’ماتروبھومی‘ کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد بھی بعض افراد نے مشورہ دیا کہ اس فلم کو چھوڑ کر ان کی اگلی فلم کا انتظار کیا جائے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ کسی فلم یا چیز کے بارے میں صرف اس کی ظاہری شکل دیکھ کر رائے قائم نہیں کرنی چاہیے۔

اداکار نے کہا کہ ان کے بارے میں یہ تاثر بھی دیا جا رہا ہے کہ اب ان میں پہلے جیسا جوش نہیں رہا اور وہ اپنے کام کو سنجیدگی سے نہیں لیتے۔

سلمان خان کا کہنا تھا کہ اگر لوگ ان پر تنقید کرکے پیسے کما رہے ہیں یا ان کے فالوورز میں اضافہ ہو رہا ہے تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں۔ وہ جو چاہیں کریں، انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، البتہ انہیں اپنے والدین کی بات سننی اور ان کی عزت ضرور کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ سلمان خان اور چترانگدا سنگھ کی مرکزی کرداروں پر مشتمل ایکشن فلم ’ماتروبھومی‘ کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز کیا گیا ہے، جس پر شائقین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ ٹیگز:#Entertainment