برطانیہ کے علاقے کیلڈرڈیل کے شہر ہیلی فیکس میں مسجد کے باہر پیش آنے والے تشدد کے واقعے میں 60 سال سے زائد عمر کا ایک شخص شدید زخمی ہوگیا، جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمی شخص کی چوٹیں ممکنہ طور پر جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں۔
واقعہ منگل 17 نومبر کو شام پانچ بجے سے کچھ دیر قبل جِبٹ اسٹریٹ اور کوئینز روڈ کے سنگم پر پیش آیا، جہاں پولیس اہلکاروں کو ایک زخمی شخص ملا۔
پولیس کے مطابق اس واقعے کا تعلق اسی علاقے میں واقع ایک دکان میں ہونے والی توڑ پھوڑ سے جوڑا جا رہا ہے، جس کی اطلاع شام چار بجے کے بعد پولیس کو دی گئی تھی۔ واقعے میں دکان کی متعدد کھڑکیاں توڑ دی گئیں جبکہ دروازے کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسی شام کیلڈرڈیل کالج کے قریب سے 35 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا۔ ملزم پر جان بوجھ کر شدید زخمی کرنے، املاک کو نقصان پہنچانے، توڑ پھوڑ کی دھمکیاں دینے، کلاس بی منشیات رکھنے اور گرفتاری کے دوران پولیس افسر کے خلاف نسلی بنیاد پر توہین آمیز زبان استعمال کرنے کے الزامات کے تحت تحقیقات جاری ہیں۔
ڈیٹیکٹو انسپکٹر رچرڈ تھورنٹن نے واقعے کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق متاثرہ شخص اور مشتبہ ملزم ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔
انہوں نے مقامی کمیونٹی کو یقین دہانی کروائی کہ اگرچہ واقعہ مسجد کے باہر پیش آیا، تاہم اب تک ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے حملے کو مذہبی یا نسلی بنیادوں پر کیا گیا حملہ قرار دیا جا سکے۔
پولیس کے مطابق علاقے میں شہریوں کے تحفظ اور خدشات دور کرنے کے لیے اضافی گشت کیا جائے گا، جبکہ واقعے کے عینی شاہدین اور معلومات رکھنے والے افراد سے پولیس کے ساتھ تعاون کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ تحقیقات جاری ہیں