امریکی محکمہ زراعت پر سائبر حملے کے نتیجے میں اہم کمپیوٹر سسٹمز متاثر ہوگئے، جس کے باعث زرعی امدادی پروگرام ایک ہفتے سے زائد عرصے سے معطل ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق سائبر سکیورٹی کی خلاف ورزی کے بعد کسانوں کی مالی ادائیگیوں اور فصلوں کی انشورنس سے متعلق نظام بھی متاثر ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سائبر حملے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت محکمہ زراعت کی متعدد ایپلی کیشنز بند کر دی گئیں، جس سے مختلف خدمات کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہوئی، متاثرہ نظاموں میں زرعی امداد، کسانوں کو مالی ادائیگیوں اور فصلوں کی انشورنس سے متعلق سہولیات شامل ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ سائبر حملے کے بعد کیے گئے حفاظتی اقدامات کے باعث کوئی ڈیٹا ضائع نہیں ہوا۔
حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ محکمہ زراعت کے بیشتر پروگرام جلد بحال کر دیے جائیں گے، تاہم متاثرہ نظاموں کی مکمل بحالی تک کسانوں کو بعض خدمات کے حصول میں مشکلات کا سامنا رہنے کا امکان ہے۔