اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں سینئر پولیس افسر کے گھر 13 سالہ گھریلو ملازمہ کی مبینہ ہلاکت کے واقعے میں پولیس افسر کی اہلیہ اور بچوں کو دینی تعلیم دینے والے قاری کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گھریلو ملازمہ کی ہلاکت کا مقدمہ تھانہ شمس کالونی میں درج کیا گیا ہے، جو لڑکی کے والد کی مدعیت میں درج ہوا۔
ذرائع کے مطابق 13 سال کی لڑکی اعلیٰ پولیس افسر کے گھر میں کام کرتی تھی، ملازمہ کو تشویشناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا جانبر نہ ہوسکی۔ دوسرے صوبے میں تعینات پولیس افسر کی اہلیہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
تھانہ شمس کالونی میں بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا، گھر میں بچوں کو قرآن پڑھانے کیلئے آنے والے قاری بھی گرفتار کرلیا گیا۔
بچی کے والد نے پولیس کو ابتدائی بیان میں بتایا کہ رحیم یار کا رہائشی ہوں،بیٹی مدرسے میں قرآن حفظ کررہی تھی، بیٹی قریبی رشتے داروں کے ہمراہ پولیس لائن میں رہائش پذیر تھی، اطلاع ملی کہ بیٹی کو طبیعت خراب ہونے پر اسپتال لے جایا گیا مگر فوت ہوگئی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق بیٹی کے جسم کا معائنہ کرنے پر اس پر تشدد کے نشانات پائے گئے، بچی کے والد نے کہا کہ قتل کی وجوہات معلوم کرکے ملزمان کیخلاف کارروائی کی جائے
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد ملزمہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا، جبکہ پولیس افسر کے گھر بچوں کو دینی تعلیم دینے کے لیے آنے والے قاری کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ابتدائی معائنے کے دوران 13 سالہ ملازمہ کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے